مستونگ: پولیس اہلکار کی بہادری، ڈاکوؤں کی واردات ناکام
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
مستونگ کے علاقے دشت میں ایک پولیس اہلکار کی حاضر دماغی اور بہادری کی بدولت موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش ناکام بن گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل دوپہر تقریباً ایک بجے پیش آیا، جب ایگل اسکواڈ کا اہلکار ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گھر جا رہا تھا۔ دشت کمبیلا کے مقام پر دو مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک کر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔
اہلکار نے فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں محمد یوسف ولد محمد علی شاہوانی موقع پر ہلاک اور اس کا ساتھی محمد حسن ولد محمد عظیم بنگلزئی زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سریاب کسٹم سے ہے۔ ہلاک ملزم کی لاش اور زخمی کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر پولیس اہلکاروں کی تیز ردعمل اور عوام کی حفاظت میں ان کی قربانی کو واضح کرتا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کا گینگ بنا کراغوا برائے تاوان کی واردات کرنے کا انکشاف
وفاقی پولیس کے 2 اہلکاروں کا گینگ بنا کر اغوا برائے تاوان کی واردات کرنے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ ملزمان نے سونے کے تاجر کو اٹھایا، پرائیویٹ ٹارچرسیل میں رکھ کر تشدد کیا اور 2 کروڑ روپے لیے۔
ذرائع نے کہا کہ بدترین تشدد، پیسے لینے، سادہ کاغذوں پر انگوٹھے لگوانے اور کسی کو نا بتانے کی قسمیں دے کرچھوڑا۔
ایس پی صدر علی کاظم نے انکوائری کرکے دونوں اے ایس آئیز کو قصور وار قرار دے دیا جس کے بعد دونوں اے ایس آئیز اور ساتھیوں سمیت ملزمان پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سوات سے تعلق رکھنے والے تاجر راولپنڈی میں سونا بیچ کر واپس جارہے تھے۔
تاجر نے کہا کہ پولیس کے 2اے ایس آئیز نے ساتھیوں سمیت روکا اورزبردستی نجی ٹارچر سیل لے گئے، تلاشی کے بہانے گاڑی میں پڑے 4 کروڑ روپے اٹھا لیے، پولیس اہلکاروں کے ساتھ ایک شخص جس نے اپناتعارف ایف آئی اے کے افسر کے طورپر کروایا۔
تاجر نے کہا کہ منت سماجت پر ان لوگوں نے 2 کروڑ اپنے پاس رکھ لیے اور 2 کروڑ ہمیں واپس کر دیے۔
متاثرہ تاجروں کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے انکوائری کا حکم دیا، ایس پی صدر علی کاظم نے انکوائری میں ملزمان کوقصور وار قرار دے کر مقدمہ درج کرلیا۔