کراچی: سیف سٹی کیمرے کا ڈسٹری بیوشن باکس چوری ہوگیا: ڈی آئی جی ساؤتھ
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
کراچی کے علاقے کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی کیمرے کا ڈسٹری بیوشن باکس مبینہ طور پر چوری ہو گیا۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والا ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمروں کو بہتر سروس فراہم کرنے میں مدد کرتا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی کی مدد سے ڈسٹری بیوشن باکس پر کام کیا جارہا تھا، سیف سٹی کیمروں اور اس سے منسلک سامان میں کوئی سیکیورٹی یا الارم سسٹم بھی نہیں تھا۔ یہ واقعہ 6 نومبر کو ہوا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن باکس کافی اونچا اور وزنی ہے اسے چوری کرنا آسان عمل نہیں، ڈسٹری بیوشن باکس کیسے غائب ہوا، یہ معلوم کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، موصول ہونے والی اطلاعات پر واقعے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ڈی جی سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ کا کہنا ہے کہ چوری کے بعد سیف سٹی کیمرے اتار لیے گئے ہیں، ڈسٹری بیوشن باکس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان ہوتا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ڈسٹری بیوشن باکس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی
پڑھیں:
ملکی معیشت کے لیے خوشخبری: سندھ کے ضلع سانگھڑ سے گیس کی پیداوار میں اضافہ
پاکستان کی معیشت کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک ٹو سے گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی تصدیق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے بھی کی ہے۔
ترجمان پی پی ایل کے مطابق گمبٹ ساؤتھ بلاک میں موجود جی پی ایف ٹو سے اب روزانہ 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی جارہی ہے جو اس سے قبل 55 ایم ایم سی ایف ڈی تھی۔ اس طرح گیس کی یومیہ پیداوار میں 5 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گیس کے ساتھ ساتھ گمبٹ ساؤتھ بلاک ٹو سے روزانہ 35 بیرل خام تیل اور ایک میٹرک ٹن ایل پی جی بھی حاصل کی جارہی ہے۔ ترجمان کے مطابق پی پی ایل اس بلاک میں 65 فیصد شراکت دار ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ گیس کی پیداوار میں اضافہ موجودہ فیلڈ سے ہائیڈروکاربن کے زیادہ سے زیادہ حصول کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف توانائی کے شعبے کو استحکام ملے گا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔