گنے کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود ملک کی 90 فیصد ملیں غیرفعال ہونے کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 16th, November 2025 GMT
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے گنے کی بمپر پیداوار کے باوجود چینی کی قیمتوں کے بحران کو مصنوعی قرار دیتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کردیا ہے.
ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین رؤف ابراہیم کے مطابق شوگر ملوں کی جانب سے 100 فیصد کرشنگ شروع نہ کیے جانے سے منظم انداز میں چینی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایکسپریس نیوز کے استفسار پر بتایا کہ فی الوقت صرف 10فیصد شوگر ملیں گنے کی کرشنگ کررہی ہیں اور باقی ماندہ 90 فیصد ملوں نے سیزن کے باوجود گنے کی کرشنگ کا آغاز نہیں کیا ہے۔
روف ابراہیم کے مطابق گنے کی تیار فصل کی 100فیصد کرشنگ سے فی کلوگرام چینی کی قیمت 120روپے کی سطح پر آنے سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال گنے کی 25 فیصد سے زائد پیداوار ریکارڈ کی گئی ہے لیکن گنے کی بمپر پیداوار اور امپورٹ کے باوجود عوام کو چینی زائد قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہے۔
رؤف ابراہیم کے مطابق کراچی میں فی کلوگرام ایکس مل چینی کی قیمت 175روپے سے بڑھ کر 185روپے ہوگئی ہے جبکہ فی کلوگرام چینی کی تھوک قیمت بڑھکر 187روپے اور ریٹیل قیمت 200روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح پنجاب اور خیبر پختونخوا میں فی کلوگرام چینی 200 سے 210 روپے میں فروخت کیجارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 فیصد کرشنگ نہ کرکے گنے کے کاشتکاروں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے حالانکہ شوگر ملوں نے کاشتکاروں سے 350 تا 400روپے فی من گنے کے خریداری معاہدے کیے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کارٹیلائزیشن کے خلاف سخت اقدامات بروئے کار لاکر ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کرے کیونکہ چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام اور کسانوں کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے باوجود انہوں نے چینی کی گنے کی
پڑھیں:
ملک میں چینی کی قیمت 229 روپے تک پہنچ گئی
اسلام آباد:چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ملک میں چینی کی قیمت 229 روپے تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے تک اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 210 روپے سے بڑھ کر 229 روپے کلو تک ہوگئی، پشاور میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک ہے، کراچی، اسلام آباد میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 195روپے تک رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 190روپے ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں دو روپے ایک پیسے کمی ہوئی۔
ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 185 روپے 47 پیسے پر آگئی ہے اس سے پہلے چینی کی اوسط فی کلو قیمت 187 روپے 48 پیسے تھی، ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132روپے 24 پیسے تھی۔