کسٹمز نے 5 ماہ میں 30 کروڑ مالیت کا سونا اور چاندی ضبط کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, December 2025 GMT
اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران بین الاقوامی ائیرپورٹس پر کارروائی کرتے ہوئے 30 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور چاندی ضبط کرلیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ملک بھر کے ائیرپورٹس پر 2.73 کلوگرام سونا اور 359 کلوگرام چاندی برآمد کی گئی، ملک میں چاندی کی اسمگلنگ کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایف بی آر نے وضاحت کی کہ چاندی کی درآمدات اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارتِ تجارت کے قواعد و ضوابط کے مطابق کی جاتی ہیں، چاندی کی قیمت میں گزشتہ 10 ماہ کے دوران دوگنا سے زائد اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں اسمگلنگ کا رحجان بڑھ گیا ہے۔
ایف بی آر نے کہا کہ وہ اسمگلنگ کی روک تھام اور اس کے منفی اثرات سے قومی معیشت کے تحفظ کے لیے اپنا عزم جاری رکھے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، مرکزی بینک کے ذخائر 17.25 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مرکزی بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 25 کروڑ 86 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین نے اس پیش رفت کو ملکی مالیاتی استحکام اور بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق یہ اضافہ بیرونی ادائیگیوں کے مؤثر انتظام اور مالیاتی استحکام کے تناظر میں اہم پیش رفت ہے۔
اگرچہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہوا، تاہم ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر معمولی کمی کے بعد 22 ارب 66 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے، جس کے باعث مجموعی ذخائر میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں مسلسل اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت بہتر ہو رہی ہے، جبکہ درآمدی بل کی ادائیگی اور روپے کے استحکام کے لیے بھی یہ مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
تاہم ماہرین نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں کمی ظاہر کرتی ہے کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار ہے، جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر آنے والے ہفتوں میں ترسیلاتِ زر، بیرونی سرمایہ کاری، برآمدات اور بین الاقوامی مالی معاونت کا سلسلہ برقرار رہا تو پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے، جس سے ملکی معیشت اور مالیاتی استحکام کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔