اڑان پاکستان منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
فائل فوٹو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ روزگار کے مواقع بڑھانے کےلیے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا حکومت نجی شعبے کو فروغ دے کر بےروزگاری کا سدباب کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کا مستقبل آئی ٹی کے شعبے کی ترقی سے منسلک ہے۔
انھوں نے بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی کمپنیوں کے خلاف اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل یوتھ ہب کو انگریزی کے ساتھ اردو اور مقامی زبانوں میں بھی متعارف کرانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
ریاستی ادارے سیلاب و بارش متاثرہ افراد کی بحالی یقینی بنائیں( صدرمملکت، وزیراعظم)
عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے،ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں،زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنیکی ہدایت
آصف زرداری وشہباز شریف کا سیلاب اور حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس،متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرین کی ہرممکن مدد کی ہدایت کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں فوری اور مثر انداز میں تیز کی جائیں تاکہ متاثرین کو بروقت امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیلاب اور مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں سے قریبی رابطے میں رہنے، متاثرین کو ہر ممکن امداد فوری پہنچانے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت دی، انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیٔر ورکس آرگنائزیشن کو سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور شاہراہوں کی فوری بحالی کے لیے کام تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔صدر و وزیراعظم دونوں نے ریاستی اداروں کو تاکید کی کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کو یقینی بنایا جائے۔