Jasarat News:
2025-11-03@12:45:25 GMT

کینیڈا، پاناما، میکسیکو، گرین لینڈٹرمپ کے نئے محاذ

اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT

کینیڈا، پاناما، میکسیکو، گرین لینڈٹرمپ کے نئے محاذ

امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواںماہ عہدہ صدارت سنبھالنے والے ہیں ۔ ان کے بیانات اور انداز سے بالکل بھی نہیں لگتا کہ وہ 4سال کے وقفے کے بعد دوبارہ صدر بن رہے ہیں۔ اپنے گزشتہ دورکی طرح وہ ایک بارپھر جارحانہ عزائم کے ذریعے دنیا کو فکر مند کیے دے رہے ہیںاوراپنے نئے دور کی ڈور وہیں سے جوڑ رہے ہیں ،جہاں 2020ء میں منقطع ہوئی تھی۔ عالمی تنازع سے قطع نظر ٹرمپ نے اس بار جو نئے محاذ کھولے ہیں، ان میں کینیڈا، گرین لینڈ، پاناما نہر اور خلیج میکسیکو شامل ہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ گرین لینڈ کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کرتے آئے ہیں،تاہم اس بار وہ دھمکیوںپر اتر آئے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے گرین لینڈ اور پاناما نہر پر فوج کشی کرکے قبضہ کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔ ٹرمپ نے ان دونوں علاقوں کو امریکی اقتصادی سلامتی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے،تاہم وہاں فوجی مداخلت کے امکان کے بارے میں بات کر کے دنیا میں بے چینی کی لہر دوڑ ادی ہے۔ پاناما، گرین لینڈ، ڈنمارک اور کینیڈا نے ٹرمپ کے ان بیانات پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ سب علاقے امریکا کے لیے اتنے اہم کیوں ہیں اور اِن کا کنٹرول سنبھالنے سے ٹرمپ انتظامیہ کو کیا فائدے حاصل ہو سکتے ہیں؟

پاناما نہر
بیسویںصدی میں پاناما کینال کی تعمیر کا کام سنبھالنے اور کئی دہائیوں کے مذاکرات کے بعد 1999 ء میں امریکا نے اس نہرکا مکمل کنٹرول پاناما کے حوالے کر دیا تھا لیکن اب سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرمپ اس اہم بحری گزرگاہ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ پاناما کینال کا انتظام دراصل چین سنبھالے ہوئے ہے جبکہ ہم نے اس کا کنٹرول پاناما کو دیا تھا۔ انہوں نے پاناما کے حکام پر اس تحفے کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا۔ تاہم سرکاری اعداد و شمار ٹرمپ کے اس دعوے کی تردید کرتے ہیں۔ پاناما نہر اتھارٹی کے اعدادوشمار کے مطابق اس نہر سے گزرنے والے ٹریفک میں امریکی کارگو کا حصہ 72 فیصد ہے جبکہ 22 فیصد حصے کے ساتھ چین دوسرے نمبر پر ہے۔ چین نے بھی ماضی میں پاناما میں بڑی اقتصادی سرمایہ کاری کی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاناما نہر نہ صرف بحرالکاہل میں امریکی تجارت کے لیے بلکہ مستقبل میں چین کے ساتھ کسی بھی فوجی تنازع کی صورت میں بھی امریکا کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے پاناما اتھارٹی پر یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ وہ اس بحری گزرگاہ کو استعمال کرنے کے عوض امریکی کارگو کمپنیوں سے زیادہ ٹیکس وصول کر رہے ہیں۔ پاناما سٹی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاناما کے وزیر داخلہ نے ٹرمپ کے بیان کے بعد کہا کہ پاناما کی خودمختاری پر کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔پاناما کا کنٹرول صرف اس کے باشندوں کے ہاتھ میں ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی رہے گا۔

خلیج میکسیکو
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کر کیخلیج امریکاکردیں گے۔ گلف آف میکسیکو کو امریکا کی تیسری بندرگاہ بھی کہا جاتا ہے، کیوں کہ اس کی ساحلی پٹی امریکا کی 5ریاستوں ٹیکساس، لوزیانا، مسیسپی، الاباما اور فلوریڈا سے ملتی ہے۔تاہم میکسیکو والے اس کے لیے ہسپانوی نام الگولفو دی میکسیکو ہی استعمال کرتے ہیں۔ گلف یا خلیج سمندر کے اس حصے کو کہتے ہیں جو 3جانب سے خشکی سے گھرا ہو اور اس میں داخلے کا راستہ بھی ہو۔ عام طور پر خلیج میں داخلے کا راستہ تنگ ہوتا ہے۔ دنیا کے کئی خطوں میں پائی جانے والی خلیج جغرافیے کے ساتھ اس خطے کے سیاسی اور اقتصادی حالات کا بھی تعین کرتی ہیں۔میکسیکو کے علاوہ خلیج فارس، خلیج عدن، خلیج عمان اور وغیرہ اس کی معروف مثالیں ہیں۔ خلیج میکسیکو کا یہ نام گزشتہ چار صدیوں سے چلا آ رہا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ یہ نام اسے ایک مقامی امریکی شہر میکسیکو کے نام پر دیا گیا تھا۔ 2012ء میں مسیسپی کے ایک قانون ساز نے اپنی ریاست کے ساحل سے ملنے والے خلیج کے حصے کا نام تبدیل کر کے گلف آف امریکا کرنے کا بل پیش کیا تھا۔

تاہم بعد میں خود ہی اسے ایک مذاق قرار دے دیا تھا۔ یہ بل ریاست کے قانون ساز ایوان کی کمیٹی کو جائزے کے لیے بھجوایا گیا تھا لیکن اس کی منظوری نہیں دی گئی تھی۔ انٹرنیشنل ہائیڈروگرافک آرگنائزیشن دنیا میں سمندروں اور قابل سفر واٹر باڈیز یا آبی خطوں کے سروے کرنے والی تنظیم ہے اور ان میں سے کئی کو نام بھی دیتی ہے۔ امریکا اور میکسیکو دونوں ہی اس کے رکن ہیں۔نو منتخب صدر اپنے اعلان کے مطابق یک طرفہ طور پر تو گلف آف میکسیکو کو گلف آف امریکا قرار دے سکتے ہیں لیکن دیگر ممالک پر یہ فیصلہ تسلیم کرنا لازمی نہیں ہوگا۔ ٹرمپ کی جانب سے نام کی تبدیلی کے اعلان کے فوری بعد ایوانِ نمائندگان کی جارجیا سے تعلق رکھنے والی رکن مارجری ٹیلر گرین نے ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عملے کو گلف آف میکسیکو کا نام بدلنے کے لیے قانون سازی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کریں گی۔اس موقع پر میکسیکو کی خاتون صدر کلاڈیا شین بوم نے امریکا کو سخت جواب دیتے ہوئے کہاکہ دنیا کو چاہیے کہ امریکا کا نام میکسیکن امریکا رکھ دے۔انہوںنے اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں سترہویں صدی کا نقشہ پیش کرتے ہوئے کہا ازراہ تمسخر کہا کہ امریکا کا یہ نیا نام کیا رہے گا؟

گرین لینڈ
گرین لینڈ ڈنمارک کا ایک خود مختار خطہ اور دنیا کے سب سے کم آبادی والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور صدارت کے دوران 2019 ء میں گرین لینڈ کو خریدنے کی بات کی تھی۔ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹ فریڈریکسن نے اگرچہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار تو کیا ہے تاہم انہوں نے اس بات بھی زور دیا کہ گرین لینڈ پر صرف اس کے لوگوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ میں خود پر فخر محسوس کرنے والے لوگ ہیں، جن کی اپنی زبان اور ثقافت ہے۔ ٹرمپ کے عزائم جاننے کے لیے گرین لینڈ کی اہمیت معلوم کرنا بہت ضروری ہے۔

گرین لینڈ معدنیات سے مالا مال ملک ہے، تاہم اپنے دو تہائی مالی اخراجات پورے کرنے کے لیے ڈنمارک پر انحصار کرتا ہے۔ ان معدنیات میں کوئلہ، تانبا اور زنک وغیرہ شامل ہیں۔جزیرے کی برف پوش تہوں کے نیچے قیمتی معدنیات کے خزانے بھی موجود ہیں، جن میں یورینیم اور بڑی مقدار میں تیل اور قدرتی گیس شامل ہیں۔گرین لینڈ کا رقبہ 21 لاکھ 66 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ ہے۔ آبادی 57 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ زیادہ تر لوگ ماہی گیری سے وابستہ ہیں۔ جزیرے میں گرین لینڈ کی مقامی زبان کے ساتھ ساتھ ڈینش اور انگریزی بھی بولی جاتی ہے۔

یورپ اور شمالی امریکا کے راستے میں واقع گرین لینڈ پر امریکا کی اس جزیرے کے اہم دفاعی محل وقوع کی وجہ سے نظر ہے۔ امریکا نے سرد جنگ کے آغاز پر اس جزیرے پر ایک فضائی اور راڈار اڈا قائم کیا تھا جو اب خلا پر نظر رکھنے کے لیے اور امریکا کے انتہائی شمالی حصوں پر ممکنہ بلاسٹک میزائلوں کے بارے میں خبردار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت میں اضافے کے باعث قطب شمالی کا منجمد سمندر جہاز رانی کے قابل ہوتا جا رہا ہے اور اس طرح یہ سمندری راستہ بھی کھل رہا ہے۔ اقتصادی پہلو سے اس کی اہمیت بڑھ رہی ہے، کیونکہ قدیم چٹانیں ظاہر ہونے کے بعد کان کنی سے نئی صنعتیں اور نئے کاروبار قائم ہوں گے اور تجارت کو پھلنے پھولنے کے مواقع میسر آئیں گے۔اس کے علاوہ نایاب دھاتوں کی موجودگی گرین لینڈ کو خاصا اہم بناتی ہے۔ ورلڈ بینک کی پیشگوئی کے مطابق عالمی طلب کو پورا کرنے کے لیے 2050 ء تک ان معدنیات کو نکالنے میں 5گنا اضافہ کرنے کی ضرورت ہو گی ۔ اس لیے صرف امریکا ہی نہیں بلکہ چین بھی ان دھاتوں کی تلاش میں ہے۔ روس بھی اس خطے کو اپنے اور امریکا کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے اسٹریٹجک لحاظ سے انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

کینیڈا
حالیہ چند ہفتوں میں ٹرمپ کا تازہ شکار کینیڈا ہے ،جس کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اقتصادی پالیسیاںناکام ہونے کے باعث اپنی ہی پارٹی کے دباؤ پر مستعفی ہوچکے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے متنازع بیان میں کہا کہ کینیڈا کو امریکا میںضم ہوکر امریکی ریاست بن جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی حفاظت کے لیے امریکا نے اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں جبکہ کینیڈا کی کاروں، لکڑی اور دودھ کی مصنوعات کی درآمد کا مسئلہ بھی حل کیا۔ میکسیکو کی طرح کینیڈا کو بھی ٹرمپ کے آئندہ دور صدارت میں امریکا برآمد کی جانے والی اپنی اشیا پر 25 فیصد تک ٹیرف عائد ہونے کے خطرے کا سامنا ہے۔ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ میکسیکو اور کینیڈا کی سرحدوں سے منشیات امریکا میں داخل ہو رہی ہیں۔ تاہم امریکی اعدادوشمار کے مطابق امریکی اور کینیڈا کی سرحد پر پکڑی گئی فینٹینیل کی مقدار امریکا کی جنوبی سرحد کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ گوکہ کینیڈا نے امریکا کے ساتھ اپنی سرحد پر سیکورٹی کے حوالے سے نئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ منظم جرائم کو کم کیا جا سکے،تاہم ٹرمپ کے متنازع بیانات پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا ہے۔


ٹرمپ کے بیانات کے نتائج کا نتیجہ تو اسی وقت سامنے آئے گا،جب وہ اپنے جارحانہ خیالات کو عملی روپ دینے کی کوشش کریں گے،تاہم ماہرین ایک بار پھر ٹرمپ کو دنیا بلکہ خود امریکا کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔ برطانوی اخباردا انڈیپینڈنٹ کے مدیر برائے سیاسی امور ڈیوڈ میڈوکس کا کہنا ہے کہ دنیا کو چاہیے کہ ٹرمپ کی باتوں کو سنجیدگی سے لے۔ یہ ٹرمپ کا سامراجی رویہ ہے، وہ دنیا بھر میں امریکا کے قدم جمانا چاہتے ہیں جو سنگین خطرہ ہے۔ ہم ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کو ان کے پہلے دور حکومت سے بہت مختلف انداز میں دیکھیں گے،جو باقی دنیا کے لیے بہت تشویش ناک ہو گا۔دوسری طرف امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر جیمز جیفری کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اپنے بین الاقوامی اتحادیوں اور ملک میں اپنے حامیوں کو سگنل دے رہے ہیں۔ امریکی شہریوںمیں یہ خیال پنپتا جارہا ہے کہ امیر یورپی اتحادی بین الاقوامی سیکورٹی کے تحفظ کے لیے خاطرخواہ اقدامات نہیں کر رہے ہیں۔ تاہم جیمز جیفری نے امریکا کی جانب سے اس ضمن میں کسی بھی فوجی کارروائی یا مداخلت کے امکان کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گرین لینڈ میں مارچ نہیں کریں گے، ہم کینیڈا میں مارچ نہیں کریں گے، ہم پاناما کینال پر قبضہ نہیں کریں گے، لیکن اس سے کتنا ہنگامہ ہو گا یہ ایک الگ سوال ہے۔ جیمز جیفری نے کہا کہ بین الاقوامی نظام کو خطرہ ڈونلڈ ٹرمپ سے نہیں بلکہ روس اور چین سے ہے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: کا کہنا ہے کہ پاناما نہر پاناما کی امریکا کی کینیڈا کی امریکا کے گرین لینڈ نے کہا کہ انہوں نے کا اظہار کے مطابق کریں گے رہے ہیں کرنے کے کے ساتھ ٹرمپ کے کرنے کی ٹرمپ کا نہیں کر رہا ہے ہے اور کا نام کیا ہے کے لیے

پڑھیں:

امریکا: تارکین وطن کے ویزوں کی حد مقرر: ’سفید فاموں کو ترجیح‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2026 کے لیے تارکینِ وطن کے داخلے کی نئی حد مقرر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال صرف 7,500 افراد کو امریکا میں امیگریشن کی اجازت دی جائے گی، یہ 1980 کے ”ریفوجی ایکٹ“ کے بعد سب سے کم حد ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی حکومت امریکی تاریخ میں امیگریشن کی سطح کم کرنے جا رہی ہے، کیونکہ ”امیگریشن کو کبھی بھی امریکا کے قومی مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔“

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جنوبی افریقہ میں سفید فام افریقیوں کو نسل کشی کے خطرات لاحق ہیں، اسی وجہ سے ان افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ فی الحال امریکا کا سالانہ ریفیوجی کوٹہ 125,000 ہے، لیکن ٹرمپ کی نئی پالیسی کے تحت یہ تعداد 7,500 تک محدود کر دی گئی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پناہ گزینوں کی سیکیورٹی جانچ مزید سخت کر دی جائے گی، اور کسی بھی درخواست دہندہ کو داخلے سے پہلے امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ داخلہ دونوں کی منظوری لازمی حاصل کرنا ہوگی۔

جون 2025 میں صدر ٹرمپ نے ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا جس کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے داخلے کے ضوابط میں بھی تبدیلی کی گئی۔ ان ضوابط کے تحت ”غیر مطمئن سیکیورٹی پروفائل“ رکھنے والے افراد کو امریکا میں داخلے سے روکنے کا اختیار حکومت کو حاصل ہو گیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے سابق مشیر کے مطابق یہ اقدام امریکا کی طویل عرصے سے جاری انسانی ہمدردی اور مہاجرین کے تحفظ کی پالیسیوں سے کھلا انحراف ہے۔

نیویارک میں قائم ہیومن رائٹس واچ نے اپنے بیان میں کہا کہ ”یہ فیصلہ رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر تفریق کے مترادف ہے، اور امریکا کی امیگریشن تاریخ کو نصف صدی پیچھے لے جا سکتا ہے۔“

سیاسی ماہرین کے مطابق ٹرمپ کی نئی امیگریشن پالیسی ایک طرف انتخابی وعدوں کی تکمیل ہے، جبکہ دوسری جانب یہ ان کے ووٹ بینک کو متحرک رکھنے کی کوشش بھی ہے، خاص طور پر اُن حلقوں میں جو غیر ملکی تارکینِ وطن کی مخالفت کرتے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے اندر بھی اس فیصلے پر اختلافات پائے جاتے ہیں، کیونکہ کئی سینئر حکام کا ماننا ہے کہ اس پالیسی سے امریکا کی عالمی ساکھ اور انسانی حقوق کے میدان میں قیادت کو نقصان پہنچے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ پالیسی نافذالعمل رہی تو لاکھوں پناہ گزین، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے افراد، امریکا میں داخلے کے مواقع سے محروم ہو جائیں گے، جبکہ سفید فام جنوبی افریقیوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ دنیا بھر میں شدید تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • امریکا ایٹمی دھماکے نہیں کر رہا، وزیر توانائی نے ٹرمپ کا دعویٰ غلط قرار دیا
  • فلمی ٹرمپ اور امریکا کا زوال
  • ممکنہ تنازعات سے بچنے کے لیے امریکا اور چین کے درمیان عسکری رابطوں کی بحالی پر اتفاق
  • امریکا: تارکین وطن کے ویزوں کی حد مقرر: ’سفید فاموں کو ترجیح‘
  • ’عیسائیوں کا قتلِ عام‘: ٹرمپ کی نائجیریا کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی
  • مسیحیوں کے قتل عام کا الزام، ٹرمپ کی نائیجیریا میں فوجی کارروائی کی دھمکی
  • نائیجیریا میں عیسائیوں کا قتل عام نہ رُکا تو فوجی کارروائی کریں گے، ٹرمپ کی دھمکی
  • ٹرمپ نے نائجیریا میں ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کا حکم دیدیا
  • ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات، اقتصادی و تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال
  • امریکا اپنے نئے نیوکلئیر دھماکے کہاں کرے گا؟