صدر ٹرمپ نے پیرس کلائمیٹ چینج معاہدے سے علیحدگی سمیت متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیے
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
ویب ڈیسک —
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وعدوں کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی دن سے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ان کے پہلے صدارتی احکامات میں سابق صدر جو بائیڈن کے درجنوں اقدامات کی منسوخی، آب و ہوا کے معاہدوں سے امریکہ کی علیحدگی اور ٹرمپ کے خلاف تمام مقدمات اور تحقیقات ختم کرنا شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ایگزیکٹو آرڈرز کے علاوہ مزید کئی احکامات ٹرمپ کے دستخطوں کے منتظر ہیں جن کا تعلق سرحدی گزرگاہوں، تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافے، تنوع اور فنڈنگ پر کنٹرول سے ہے۔
صدر ٹرمپ کے انتخابی وعدوں اور ری پبلکن پارٹی کی سوچ کو سامنے رکھتے ہوئے صدر ٹرمپ کے ابتدائی اقدامات اور مستقبل کے منصوبے کچھ اس طرح ہیں۔
1- معیشت
پیر کی شام کیپیٹل ون ایرینا میں ٹی وی کے لیے بنائے گئے اپنے پہلے ڈسپلے میں، ٹرمپ نے ایک علامتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جن کا تعلق وفاقی اداروں کو مہنگائی سے نمٹنے کی ہدایات سے ہے۔
صدر ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔ 20 جنوری 2025
ان احکامات میں، سابق صدر بائیڈن کے متعدد اقدامات کی منسوخی، قدرتی گیس اور تیل پر محصولات میں کمی اور الاسکا سے تیل نکالنا شامل ہے۔
تاہم ابھی انہوں نے چین، میکسیکو ، کینیڈا اور دیگر ممالک کی امریکہ بھیجنے والی مصنوعات پر نئے محصولات کا حکم نہیں دیا ہے۔
2۔ سب سے پہلے امریکہ
اپنے پہلے صدارتی خطاب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ خلیجِ میکسیکو کا نام بدل کر خلیجِ امریکہ بنانے کا حکم جاری کریں گے۔
اس کے علاوہ امریکہ کی سب سے بلند پہاڑی چوٹی کا نام تبدیل کر کے ماؤنٹ مک کینلی کر دیا جائے گا۔ یہ ایگزیکٹو آرڈر ابھی جاری ہونا ہیں۔
3۔ امیگریشن
ٹرمپ نے بائیڈن دور کے متعدد امیگریشن احکامات کو تبدیل کر دیا ہے جن کے تحت امریکہ میں رہنے والے ہر غیر قانونی شخص کی ملک بدری اولین ترجیح ہو گی۔
ٹرمپ امریکہ کی میکسیکو کی سرحد پر قومی ہنگامی حالت نافذ کرنے اور امیگریشن ایجنٹوں کی مدد کرنے والوں اور پناہ گزینوں کی تعداد محدود کرنے کے لیے فورسز استعمال کرنےکا ارادہ رکھتے ہیں۔
صدر ٹرمپ حلف اٹھانے کے بعد اپنی پہلی صدارتی تقریر کر رہے ہیں۔ 20 جنوری 2025
ٹرمپ نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ پیدائش کی بنیاد پر شہریت کو ختم کر دیں گے۔
وہ بائیڈن دور کا سی بی پی ون ایپ کو بھی ختم کر رہے ہیں، جس سے تقریباً 10 لاکھ تارکینِ وطن قانونی طور پر امریکہ داخل ہوئے تھے۔
آب و ہوا کی تبدیلی کے معاہدے سے علیحدگی
ٹرمپ نے توقع کے مطابق ان احکامات پر بھی دستخط کیے ہیں جس سے امریکہ باضاطہ طور پر پیرس کلائمٹ چینج کے معاہدوں سے نکل جائے گا۔
انہوں نے اپنے عہدے کی پہلی مدت کے دوران بھی ایسا ہی کیا تھا جسے سابق صدر بائیڈن نے الٹ دیا تھا۔
وفاقی بیورو کریسی کی اصلاح
ٹرمپ نے فوج اور کچھ حصوں کے علاوہ، جن کے نام نہیں بتائے گے، وفاقی اداروں میں نئی بھرتیوں کو روک دیا ہے۔
وہ وفاقی ملازمتوں میں ایک نیا نظام لانا چاہتے ہیں جس سے وفاقی کارکنوں کی برطرفی آسان ہو جائے گی۔
نائب صدر جے ڈی وینس اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں ۔ 20 جنوری 2025
ٹرمپ وفاقی اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شنسی کے نام سے ایک بااختیار ادارہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی قیادت دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کریں گے۔
تنوع، مساوات اور ٹرانس جینڈر کے حقوق
ٹرمپ نے اپنی پہلی صدارتی تقریر میں کہا ہے کہ وہ ٹرانس جینڈز کو دیے جانے والے تحفظات واپس لے رہے ہیں اور وفاقی حکومت صرف مرد اور عورت کی جنس کو تسلیم کرے گی۔
اس کے علاوہ وہ وفاقی حکومت کے تنوع اور مساوات کے پروگراموں کو بھی ختم کر رہے ہیں۔
امریکی کیپیٹل پر 6 جنوری کے حملے میں معافی
ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے چھ جنوری 2021 پر کپیٹل بلڈنگ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف وفاقی مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس حملے میں سزا پانے والوں کو معافی دے دیں گے۔ تاہم اپنی افتتاحی تقریر میں انہوں نے اس کا ذکر نہیں کیا تھا۔
اس رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ سے لی گئی ہیں۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل کے علاوہ انہوں نے ٹرمپ کے دیا ہے
پڑھیں:
جعلی بیج زراعت اور کلائیمیٹ چینج
جی آپ نے درست سنا کہ 19 جولائی کو حکومت نے اعلان کیا تھا کہ بیج فراہم کرنے والی 400 کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں۔ یہ اقدام زرعی پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں کسانوں کو جعلی بیج فراہم کرنے میں ملوث پائی گئیں۔ کسان ان کمپنیز کے بیجوں پر بھروسہ کرتے تھے لیکن اب یہ سن کر زمین اور کسان دونوں کو جھٹکا لگا ہوگا۔ زمین کے نیچے سے زمین سرک گئی ہوگی اور کسان کے سر پر سے سایہ چھن گیا ہوگا۔
جن کمپنیز پر آسرا کیا ہوا تھا معلوم ہوا کہ یہ وہی بیج ہیں جو مٹی میں جب مل جاتے تو ان بیجوں کی ناکامی سے زمین بانجھ ہو جایا کرتی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ جتنے بیج استعمال ہو رہے تھے اس کا نصف جعلی بیج کہلاتے تھے لیکن کسانوں کو کیا معلوم اور زمین خاموشی سے یہ ظلم کب سے سہے جا رہی تھی۔
ہر سال فی ایکڑ پیداوار میں کمی بھی ہو رہی تھی تو اس کا الزام ماہرین زراعت سے لے کر کسان اور کالم نگار سب بیج کے علاوہ دیگر امور کو مورد الزام ٹھہراتے۔ کسان ہر سال زمین کی تیاری پر پہلے سے زیادہ محنت کرتا، پانی ڈالتا، راتوں کو اٹھ اٹھ کر پانی کی باری لگاتا، خوب محنت و مشقت کرتا رہا لیکن جب فصل کم ہوتی تو پانی کی کمی کا رونا، کبھی زمین کی زرخیزی کی شکایت۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ کمپنیاں سالہا سال سے جعلی بیج زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں بیچ رہی تھیں۔ جس کے نتیجے میں کم پیداوار اور ملک کی مجموعی پیداوار میں زبردست کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
چند سالوں سے اب کلائیمیٹ چینج کا کاندھا بازار میں دستیاب ہے، جعلی بیج بونے کے بعد پیداوار میں کمی کا رونا رونے کے لیے موسمی تبدیلی کے کندھے پر سر رکھ کر رو لیتے ہیں۔ ٹھیک ہے کلائیمیٹ چینج کے اثرات اپنی جگہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لیکن موسمی تبدیلی کو خواہ مخواہ دھر لینے کا فیشن بھی چل نکلا ہے۔
اس کی آڑ میں وہ جعلی بیج فروخت کرنے والی کمپنیاں اپنا دامن بچائے جا رہی تھیں۔ حکومت کو دیر بلکہ بہت زیادہ دیر سے معلوم ہوا کہ اصل مجرم تو یہ ناقص بیج ہیں جو زمین میں مل کر دھرتی کو خون کے آنسو رلا دیتے ہیں۔ اصلی کھاد ہاتھ جوڑ لیتی کہ آپ کے کیے دھرے کا الزام اب میرے سر لگے گا۔ بات کچھ یوں ہے کہ جعلی کھاد بھی دستیاب ہے جو کم دام میں مل جائے اور جب جعلی بیج اور جعلی کھاد مل کر کھیتوں میں خوب دھما چوکڑی مچاتے ہیں کہ اس جرم کے پیچھے ہر کوئی موسمیاتی تبدیلی کا ذکر لے بیٹھتا ہے۔ بات مکمل نہیں ہوتی جب تک مثلث کو مکمل نہ کیا جائے۔ حیران نہ ہوں کسان بھائی اچھی طرح جانتے ہیں کہ پیسے بچانے کی خاطر سستی ادویات کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔
اب تینوں جب مل جاتے ہیں تو نتائج کا ذمے دار آج کل صرف اور صرف کلائیمیٹ چینج کو قرار دیا جاتا ہے اب یہ حقیقت بھی بنتا چلا جا رہا ہے۔ یہ بات درست ہے کہ کلائیمیٹ چینج کے اثرات ہیں جو زمین کی اداسی کو بڑھا رہی ہے اسے گھن کی طرح کھائے جا رہی ہے۔ زمین ان اثرات کے زیر اثر بہے چلی جا رہی ہے اور کھوکھلی ہوتی چلی جا رہی ہے۔ جس طرح جعلی بیجوں کا خیال حکومت کو 15 سے 20 سال کے بعد آیا اسی طرح کچھ نہ کچھ اب موسمیاتی تبدیلی کا خیال بھی آ ہی گیا ہے لیکن اسے ایک فی صد کہہ سکتے ہیں۔
اسی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باعث چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ہوا تھا۔ 450 ملی میٹر بارش ہوئی۔ نصف درجن سے زائد ڈیمز ٹوٹ گئے۔ پورے شہر میں اور ارد گرد کے مختلف گاؤں دیہاتوں میں لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ اس کلائیمیٹ چینج کے اثرات زمینوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں چند ایک تنظیمیں ہیں جو اس پر کام کر رہی ہیں بلکہ ملک کے ایک نام ور ماہر کلائیمیٹ چینج جناب مجتبیٰ بیگ اپنے ذاتی وسائل اور قیمتی وقت خرچ کرکے کلائیمیٹ جرنلسٹ تیار کر رہے ہیں جوکہ موسمیاتی تبدیلی کے برے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہر اول دستے کا کام کریں گے۔
اب زراعت کو بچانے کے لیے بھی کلائیمیٹ چینج کے اثرات کم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ اب پاکستان کی زراعت کو جعلی بیجوں، جعلی کھاد اور جعلی ادویات کے ساتھ ساتھ کلائیمیٹ چینج کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ حکومت نے جعلی بیجوں کے سلسلے میں 400کمپنیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح اب جعلی کھاد کے علاوہ جب کھاد کا سیزن ہوتا ہے تو اصلی کھاد چھپا لی جاتی ہے۔ کئی عشرے قبل یہ کام ذخیرہ اندوز کیا کرتے تھے۔ وہ لالچ کے تحت معمولی منافع کے عوض پھر کھاد فروخت بھی کر دیتے تھے۔
اسی طرح جعلی ادویات کا اسٹاک ختم ہوتا تو مارکیٹ میں اصلی ادویات تھوڑے مہنگے داموں فروخت کر دیتے۔ اب بات ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھ سے نکل کر مافیا کے ہاتھ آ گئی ہے۔ جو انتہائی ذہانت، مہارت اور سائنسی انداز میں بڑے کیلکولیشن کے ساتھ مارکیٹ پر قبضہ کرتے ہیں اور سائنسی اصولوں کے تحت بڑی ذہانت کے ساتھ اپنے حق میں نتائج حاصل کرتے ہیں۔
ظاہر سی بات ہے حکام کے پاس کار سرکار کے ہزاروں کام ہوتے ہیں، ان کا ایک ایک منٹ ، ایک ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے اور اب موسمیاتی تبدیلی کا عنصر بھی شامل ہو گیا ہے لہٰذا اتنا وقت نہیں ہوتا کہ توجہ دی جائے لہٰذا جب تک زراعت کو ترجیح نہیں دی جائے گی اسی طرح جعلی بیج ادویات کھاد مہنگی ہو کر ملتی رہیں گی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کسانوں اور شہروں میں شہریوں تک سب کو شدید متاثر کرتے رہیں گے۔ لہٰذا موسمیاتی تبدیلی کو بھی ترجیحات میں شامل کیا جائے اور اس کے لیے فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔