کراچی، سپر ہائی وے پر دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
کراچی:
ایم نائن موٹر وے پر دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پہلا حادثہ تین ٹرالروں اور دوسراحادثہ دو کاروں کے درمیان ٹکرانے سے ہوا۔
ریسیکو ادارے ایدھی کے حکام کا کہنا ہے کہ ایم نائن موٹر وے کے مختلف مقامات پرفضا میں نمی زیادہ ہونے کے باعث اوس پڑرہی ہے جس کی وجہ سے شاہراہ کے مختلف حصوں پر پھسلن ہوگئی ہے۔
پھسلن کی وجہ سے گاڑیاں ٹکرائیں اور یہ دونوں حادثات رونما ہوئے۔
امدادی سرگرمیوں کے بعد جاں بحق اور زخمی افراد کو نجی اسپتال ٹول پلازہ منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔
یہ تمام گاڑیاں حیدرآباد سے کراچی آرہی تھیں، حادثات کی وجہ سے ایم نائن پر ان مقامات پر ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔
امدادی کام مکمل ہونے کے بعد ایم نائن پر ٹریفک مکمل طور پر بحال ہوگیا، ایدھی حکام نے پہلا حادثہ کے حوالے سے بتایا کہ ایم نائن موٹر وے پر گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپر ہائی وے حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے قریب تین ٹرالروں کے درمیان تصادم ہوگیا۔
حادثے میں ایک شخص ٹرک میں پھنس کر جاں بحق تین افراد زخمی ہوگئے، امدادی سرگرمیوں کے بعد ہلاک و زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے نجی اسپتال ٹول پلازہ منتقل کیا گیا۔جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی ۔
ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ لیاقت سے ہوئی ۔ زخمیوں میں 40 سالہ اسد ،36 سالہ ریاض اور 24 سالہ انیس شامل ہیں۔
ایدھی حکام نے دوسرے حادثہ کے حوالے سے بتایا کہ ایم نائن موٹر وے سپر ہائی وے حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے جوکھیوں موڑ کے قریب دو کاروں میں تصادم ہوگیا ۔
حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے، ایدھی حکام کے مطابق حادثہ میں دونوں زخمی افراد کوایمبولینسز کے ذریعے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال ٹول پلازہ منتقل کیا گیا۔حادثہ میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کی شناخت 26 سالہ نصر اللہ اور 28 سالہ مختیار سے ہوئی۔
پولیس ان حادثات کے حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایم نائن موٹر وے ایدھی حکام
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق
کراچی:شہرِ قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے.
پہلا واقعہ بلدیہ ٹاؤن کی نواب کالونی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان افتخار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
لواحقین کے مطابق مقتول افتخار موبائل مارکیٹ میں کام کرتا تھا اور پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
وہ گزشتہ روز بھی دکان پر گیا تھا اور شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دکان سے جلدی نکلا تھا۔
راستے میں ڈاکوؤں نے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم افتخار نے اسلحہ دیکھ کر رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی تو ملزمان نے سر پر گولی ماردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور اہلِ علاقہ نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسرا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ عبداللہ جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا کے مطابق مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔