حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا نیٹ ورک بے نقاب؛ 3 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
کراچی:
ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
کارروائی میں خاتون سمیت 3ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت فریدہ، خبیب اور مزمل کے نام سے ہوئی ہے، جو بہادرآباد میں واقع ایک فلیٹ سے گرفتار کیے گئے۔
ملزمان سے 2500 یورو اور 50 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کی گئی، جبکہ ان کے قبضے سے چیک بکس، پرائز بانڈ، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر غیر ملکی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد ہوا۔
چھاپا مار کارروائی ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر کی ہدایت پر خفیہ اطلاع کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، پاک کالونی میں پولیس مقابلہ، لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد کے علاقے پاک کالونی میں کے ایم سی کٹ کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں سے ایک مدثر عرف ساوا عرف خوف کو زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم شاہزیب عرف شاھو کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقدی اور گارڈن کے علاقے سے چھینی گئی 125 موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے نعیم ڈاڈا گروپ سے ہے جو کراچی میں منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم، اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ملزم مدثر کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آ چکا ہے جو اس سے قبل بھی چار مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔