میٹا ٹرمپ کو ڈھائی کروڑ ڈالر ادا کرنے پر رضامند
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی سوشل میڈیا کمپنی میٹا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈھائی کروڑ ڈالر دینے پرآمادہ ہوگئی۔ میٹا سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی ہے ، جس نے 2021 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل اکاؤنٹ معطل کردیا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق میٹا نے یہ اکاؤنٹ ریپبلکنز کی جانب سے کیپٹل ہل پر حملے کے بعد معطل کیا تھا۔ اس حوالے سے ٹرمپ کی ٹیم نے میٹا پر مقدمہ کررکھا تھا،جس پر کمپنی نے قدم پیچھے ہٹاتے ہوئے سمجھوتا کرکے امریکی صدر کو ڈھائی کروڑ ڈالر دینے پر آمادگی کا اظہا ر کیا ہے۔ میٹا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی نے مدعیوں کو خطیر رقم ادا کرنے پر اتفاق کیا جس میں سے 2کروڑ 20لاکھ ڈالر ٹرمپ کی صدارتی لائبریری کے لیے عطیہ سمجھے جائیں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق میٹا نے عدالت میں دائر درخواست میں لکھا کہ فریقین مدعیان کے انفرادی دعوؤں اور اس معاملے کو حل کرنے کے لیے ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں اور اس حوالے سے کیس ختم کرنے کی مشترکہ درخواست دائر کی جائے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
اگست کے دوران ٹیکسٹائل، خوراک، پیڑولیم اور مینوفیکچرنگ سیکٹرز کی ایکسپورٹ میں کمی
اسلام آباد:پاکستان کے بڑے برآمدی شعبے اگست 2025ء کے دوران منفی زون میں رہے، ٹیکسٹائل، خوراک، پیڑولیم اور مینوفیکچرنگ سیکٹرز کے ماہانہ اور سالانہ برآمدی نمبرز میں کمی واقع ہوئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2025ء میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات 1ارب 64 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 1ارب 52 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی، ٹیکسٹائل سیکٹر کی ماہانہ برآمدات میں 9فیصد اور سالانہ برآمدات میں 7فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح شعبہ خوراک میں برآمدات کا تناسب ایک سال میں 35فیصد اور ایک ماہ میں 19فیصد کم ہوا ہے۔ شعبہ خوراک کی برآمدات اگست میں 53 کروڑ 60لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 34کروڑ 80لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی۔
پیداواری شعبے کی برآمدات اگست 2024 کی بہ نسبت اگست 2025ء میں 37کروڑ ڈالر سے گھٹ 34 کروڑ 40لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی اس طرح سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی برآمدات میں سالانہ 7 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 1فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات ایک سال بعد اگست 2025ء میں 2کروڑ 60لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 2کروڑ ڈالر رہی ہے۔ اسی طرح سے پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں ایک سال کے دوران 25 فیصد اور ایک ماہ میں 60فیصد کی کمی واقع ہوئی۔
مجموعی طور پر پاکستان کے پانچ بڑے شعبوں کی سالانہ برآمدات 2 ارب 57 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر 2ارب 23کروڑ 50لاکھ ڈالر رہی ہیں۔