افغانستان کی جلاوطن خواتین کرکٹرز کو فنڈز دینے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
٭افغان کرکٹ بورڈ سے کنٹریکٹ پانے والی 25 خواتین میں زیادہ تر آسٹریلیا منتقل ہو گئیں
٭برطانیہ کے ایم سی سی کلب کے نئے پناہ گزین فنڈ سے پہلی رقم افغان کرکٹرز کو دی جائے گی
برطانیہ کے میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے کہا ہے کہ کلب کی جانب سے شروع کیا گیا نیا پناہ گزین فنڈ کی پہلی رقم افغانستان کی جلاوطن خواتین کرکٹرز کو دی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے اور ملک میں خواتین پر مختلف پابندیاں عائد کرنے کے بعد سیکڑوں کھلاڑی افغانستان چھوڑ کر دیگر ممالک منتقل ہوگئی تھیں۔ 2020 میں افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کنٹریکٹ حاصل کرنے والی 25 افغان خواتین میں سے زیادہ تر آسٹریلیا منتقل ہو گئی ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روزاپنا پہلا میچ کھیلا۔ایم سی سی کے عالمی پناہ گزین کرکٹ فنڈ کا ابتدائی طور پر ہدف 10 لاکھ پاؤنڈز (10 لاکھ 24 ہزار ڈالرز)جمع کرنا ہے ، اس کا مقصد رقم کو افغان کھلاڑیوں جیسی بے گھر کمیونٹیز کے لیے خرچ کرنا ہے ۔ایم سی سی کے سیکرٹری روب لینچ نے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ حوصلہ افزائی کرنے ، متحد کرنے اور بااختیار بنانے کی طاقت رکھتی ہے اور اس اقدام کے ذریعے ہمارا مقصد ان لوگوں کے لیے امید اور مواقع پیدا کران ہے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ،اگرچہ افغانستان کی مردوں کی ٹیم موجود ہے اور اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے فنڈنگ حاصل ہوتی ہے تاہم کھلاڑیوں کی درخواستوں کے باوجود خواتین کو عالمی ادارہ کی جانب سے فنڈز نہیں دیئے گئے اور ان کی منظوری نہیں دی گئی۔طالبان کے مطابق وہ اسلامی قانون اور مقامی رسم و روایات کی اپنی تشریح کے مطابق خواتین کے حقوق کا احترام کرتے ہیں اور یہ اندرونی معاملات ہیں جنہیں ملکی سطح پر ہی طے کیا جانا چاہیے ۔ایم سی سی جو کرکٹ قوانین بنانے کا ذمہ دار کلب ہے ، اس نے ایک بیان میں کہا کہ پناہ گرین کے حوالے سے جمع ہونے والی فنڈز کی اولین ترجیح محفوظ تربیتی سہولیات، تعلیمی مواقع اور ترقی کے راستے فراہم کرنا ہوگی۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی کلب کی مدد کی ہے ۔ای سی بی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ کرکٹ کمیونٹی کو بہادر افغان خواتین کی حمایت کے لیے اقدام کرنا چاہیے اور یہ امید پیدا کرنی چاہیے کہ کرکٹ ہر عورت یا لڑکی کے لیے ایک کھیل بن سکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ فنڈ کا آغاز دیگر کرکٹ تنظیموں کو اس مقصد کی حمایت کرنے اور دنیا بھر کی کمیونٹیز کو متحد کرنے کے لیے کرکٹ کی طاقت کا احساس دلانے کی ترغیب دے گا۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
پاکستان ویمنز کرکٹ کا آئرلینڈ کے خلاف 15 رکنی اسکواڈ اعلان
پاکستان ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ منتخب شدہ کھلاڑیوں کا انتخاب ویمنز سکلز کیمپ میں شریک 24 کھلاڑیوں میں سے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر فاطمہ ثنا کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس سال کے ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی نوجوان کھلاڑی ایمان فاطمہ کو بھی قومی ویمنز اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو کہ ٹیم کی مستقبل کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ منتخب شدہ 15 رکنی ٹیم آئرلینڈ روانگی سے قبل کراچی میں پری سیریز کیمپ میں شرکت کرے گی تاکہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی یہ ٹی 20 سیریز 6 اگست سے شروع ہو کر 10 اگست تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی۔ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں: عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزا، مونیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر۔ یہ سیریز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے اپنے کھیل کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی میدان میں اپنی پہچان کو مضبوط کرنے کا موقع ہوگی۔