’’نوائے وقت‘‘ گروپ کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی، سی او او سمیت کارکنوں کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) ملک بھر کی طرح نوائے وقت گروپ کے زیر اہتمام جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مرکزی دفاتر سے 23 کوئینز روڈ تک ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی اور بھارت کے ظلم و استبداد اور ہٹ دھرمی کے خلاف کشمیریوں کی انتھک اور لازوال جدوجہد آزادی کی حمایت میں تجدید عہد کا دن ہے۔ مظاہرے میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم، ایڈیٹر سنڈے/ فیملی میگزین خالد بہزاد ہاشمی، سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو، ڈپٹی ہیڈ مارکیٹنگ عثمان مسعود، سرکولیشن انچارج نذیر عابد سندھو، ایچ آر سٹاف محمد مشتاق، خالد حسین میو اور محمد سلیم، حاجی محمد امین، محمد شفیع، محمد عباس، محمد نعیم، فیصل حق، ذوالفقار علی سمیت دجنوں کارکنوں نے شرکت کی۔ کرنل ندیم قادری نے کہا کہ آزادی کی تحریک میں کشمیری تنہا نہیں ہیں، پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ نوائے وقت کا کردار کشمیریوں کی جدوجہد کے شانہ بشانہ تاریخ سے بھرا پڑا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کے وکیل مجید نظامی کے بعد مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی ظلم و بربریت اور تسلط سے آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ بھارتی مظالم کا ایک روز خاتمہ ہو کر ہی رہے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: نوائے وقت
پڑھیں:
پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے ادارے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے موثر کردار ادا کیا اور بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی بلاجواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق چار روزہ جنگ میں پاکستان نے فتوحات کی ایک نئی داستان رقم کی اور مودی حکومت کو عبرتناک شکست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک غاصب اور جارح ملک ہے جو مظلوم بننے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ پہلگام واقعے کی حقیقت دنیا کے سامنے آچکی ہے جبکہ پاکستان نے اس حوالے سے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اب کھیلوں کے میدان تک بھی پہنچ چکا ہے اور عسکری شکست کے بعد بھارت کھیلوں میں بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور دنیا کے ساتھ امن قائم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسی تہذیب کا وارث ہے جہاں روایات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔
Post Views: 6