انجمن طلبہ اسلام کا طلبہ یونینز کی بحالی کیلئے تحریک چلانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
انجمن طلبہ اسلام پنجاب کے ناظم جواد خان لودھی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے 37 سالوں سے طلبہ حقوق غصب کیے ہوئے ہیں۔ حکومت تعلیمی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے ورنہ راست اقدام کیلئے مجبور ہونگے۔ اسلام ٹائمز۔ انجمن طلبہ اسلام صوبہ پنجاب(شمالی) کے ناظم جواد خان لودھی نے کہا ہے کہ اے ٹی آئی طلباء یونینز کی بحالی کیلئے ملک گیر احتجاجی تحریک چلائے گی، جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے 37 سالوں سے طلبہ حقوق غصب کیے ہوئے ہیں۔ 9 فروری پاکستان کے تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حکمرانوں کو طلباء کے آئینی حق سے محروم رکھنے کا فیصلہ ترک کرنا ہوگا، وطن عزیز میں گزشتہ 37 سال سے آمرانہ سوچ کا راج ہے، جمہوری حکومتیں آئیں اور چلی گئیں، مگر کسی نے بھی جمہوریت کی نرسری طلباء یونین کو صحیح معنوں میں بحال نہیں کیا۔ سالانہ بجٹ میں تعلیمی بجٹ کیلئے پانچ فیصد مختص کیا جائے۔ ایچ ای سی کے سہولیات کے دعوئے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی ہے، حکومت نے مطالبات پر توجہ نہ دی تو ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کریں گے۔ حکومت تعلیمی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے ورنہ راست اقدام کیلئے مجبور ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹوڈنٹ سیکرٹریٹ ایوان خیر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جواد خان لودھی نے کہا طلباء یونین کے انتخابات اب پوری طلبہ برادری کی آواز بن چکے ہیں، طلباء تنظیموں پر پابندی آئین سے متصادم ہے، نااہل حکمران اقتدار کے چھن جانے کے ڈر سے طلباء یونینز پر جبری پابندی عائد کیے ہوئے ہیں۔ طلباء یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہوتی ہیں، جہاں سے ملک و قوم کو محب وطن اور باصلاحیت قیادت میسر آتی ہے، جمہوریت کا راگ الاپنے والے کب طلباء کو ان کے جمہوری حقوق دیں گے، قیام پاکستان سے لے کر اب تک حکمرانوں نے طلباء برادری سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہوا ہے، طلباء یونینز پر پابندی پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے قبل طلباء یونینز کی بحالی کا اعلان کر دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ماضی میں جس تعلیمی اداروں میں طلباء یونینز قائم تھیں اور مثبت سرگرمیاں ہوتی تھیں، مگر بدقسمتی سے آج وہ ہی تعلیمی ادارے منشیات کے اڈے بن چکے ہیں۔ موجودہ حکمران تعلیم کے دشمن ہیں۔ ایچ ای سی تعلیم دشمن پالیسوں پر گامزن ہے۔ تعلیمی بجٹ میں کمی کرکے حکمرانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ تعلیم انکی ترجیحات میں سرے سے شامل ہی نہیں۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے بھی نوجوان نسل کو مایوس کیا ہے۔ عوام دشمن استحصالی اور طبقاتی نظام کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: طلباء یونینز نے کہا
پڑھیں:
شہباز شریف سے عرفان صدیقی کی ملاقات، تعلیمی اداروں بارے گفتگو
اسلام آباد میں وزیراعظم سے مسلم لیگی راہنما کی ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علم و ادب کے سر چشمے معاشرے کی روح ہوتے ہیں، معاشرے کو انتہا پسندی جیسے مرض سے پاک ہونا چاہئے، انتہا پسندی سے پاک معاشرے سے ہی ہمارا حقیقی مثبت امیج دنیا کے سامنے ابھرے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سینیٹر عرفان صدیقی کی ملاقات ہوئی، تعلیمی اداروں سے متعلق گفتگو کی گئی۔ محمد شہباز شریف نے کہا علم و ادب کے سر چشمے معاشرے کی روح ہوتے ہیں، معاشرے کو انتہا پسندی جیسے مرض سے پاک ہونا چاہئے، انتہا پسندی سے پاک معاشرے سے ہی ہمارا حقیقی مثبت امیج دنیا کے سامنے ابھرے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اداروں کے نظم و نسق اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جلد کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے بھی ملاقات کی، اعجاز الحق نے شہباز شریف کو بجٹ کی منظوری پر مبارکباد دی، ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔