کراچی والوں کیلیے خوشخبری، کے ایم سی کی پارکنگ مفت کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
کراچی: شہری حکومت نے کراچی والوں کے لیے خوشخبری دے دی، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر کی تمام پارکنگ سائٹس کو مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ اب کے ایم سی کی پارکنگ سائٹس پر کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی، یہ فیصلہ شہریوں کے مفاد میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس فیصلے کے تحت کراچی کی 106 اہم سڑکوں پر موجود 46 پارکنگ سائٹس پر فیس نہیں لی جائے گی ، شہر کے 25 ٹاؤنز اور 6 کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس بدستور وصول کی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد شہریوں پر پارکنگ فیس کا بوجھ ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کوئی شخص کے ایم سی کے نام پر غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
شہریوں کیلیے بڑی سہولت؛ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈر پاس صرف 35 روز میں تعمیر ہوگا
اسلام آباد:پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف 35 روز میں انڈر پاس مکمل ہونے جا رہا ہے، جس سے شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
جناح اسکوائر مری روڈ پر انڈر پاس کی کھدائی کا کام تیزی سے جاری ہے اور اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک سگنل فری کوریڈور کا حصہ ہے، جو آمدورفت میں آسانی فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انڈر پاس منصوبے کو صرف 35 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ رفتار کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے شہریوں کی آمدورفت کو متاثر نہ ہونے دینے کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سگنل فری کوریڈور سے سیاحوں کو مری پہنچنے میں سہولت ملے گی اور ٹریفک جام کا برسوں پرانا مسئلہ حل ہوگا۔ یہ منصوبہ کشمیر چوک کے قریب ٹریفک کے دباؤ کو بھی کم کرے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے اسلام آباد کے مجموعی ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی اور ایندھن کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے میں 479 میٹر طویل انڈر پاس شامل ہے، جو تین ٹریفک لینز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ملحقہ پل کو بھی چوڑا کیا جا رہا ہے، دونوں اطراف میں دو دو لینز کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 4 ملحقہ سلپ روڈز کو بھی کشادہ کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو۔ حکام کا کہنا ہے کہ انشاءاللہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔