راولپنڈی: 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد، تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
راولپنڈی کےتھانہ بنی کے علاقے میں کم سن 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد کیا گیا، بچی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔
رپورٹ کے مطابق تشدد کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کر ایس پی راول سے رپورٹ طلب کی اور ڈی ایس پی وارث خان کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
واقعہ کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث میاں بیوی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق تشدد کا واقعہ 4/5 روز قبل پیش آیا جبکہ بچی کو آج ہسپتال لایا گیا، متاثرہ بچی کی حالت تشویشناک ہے جس کا علاج جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مدرسے کے اساتذہ کی 9 سالہ بچے سے بدفعلی؛ ڈرِل مشین چلا کر ڈراتے رہے
متاثرہ کے والد کی وفات ہو چکی ہے، واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا جائے گا، سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق بچوں پر تشدد کسی صورت قابل برداشت نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے، معصوم بچی پر تشدد میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق بچی گارمنٹس کی شاپ پر ملازمت کرنے والے راشد شفیق نامی شخص کے گھر کام کرتی تھی، مبینہ تشدد سے بچی کے سر، ٹخنوں، ٹانگوں اور بازوں پر تشدد کے نشانات ہیں، بچی کے والد ایک ماہ قبل فوت ہوئے، والدہ عدت میں ہے۔
پولیس کے مطابق بچی کی حالت غیر دیکھ کر سپارہ پڑھانے والی خاتون بچی کو لیکر ہسپتال پہنچی، بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، مالکان میاں بیوی کو حراست میں لیکر بچی جو ہسپتال لانے والی خاتون سے بھی پوچھ جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
گھر سے چھپکلیاں بھگانے کے آٹھ آسان اور مؤثر گھریلو طریقے
چھپکلیاں اگرچہ نقصان دہ نہیں ہوتیں، لیکن گھر میں ان کا نظر آنا اکثر لوگوں کو پریشان کر دیتا ہے۔ یہ دیواروں پر رینگتی ہوئی نظر آتی ہیں اور بلاوجہ خوف کا باعث بنتی ہیں۔ اگرچہ انہیں گھر سے نکالنا مشکل کام ہے، لیکن کچھ آسان گھریلو نسخوں سے آپ ان سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔
چھپکلیوں کو گھر میں آنے سے کیسے روکا جائے؟
چھپکلیاں کھڑکیوں، دروازوں اور باتھ روم کے وینٹس میں موجود چھوٹے سوراخوں اور دراڑوں سے گھر میں داخل ہوتی ہیں۔ ان کو روکنے کے لیے کھڑکیوں، دروازوں اور وینٹس کے سوراخوں کو پلستر سے بند کریں، دروازوں پر ربڑ کی پٹیاں اور کھڑکیوں پر جالی لگائیں تاکہ ان کی آمد روکی جا سکے۔
صفائی کا خاص خیال رکھیں
چھپکلیاں ان جگہوں پر زیادہ آتی ہیں جہاں مچھر، مکھی اور کیڑے موجود ہوں۔ اس لیے گھر کو ہمیشہ صاف رکھیں، رات کو برتن بغیر دھوئے نہ چھوڑیں، روزانہ کچرے کی بالٹی خالی کریں اور کھانا یا بچا ہوا کھانا کھلا نہ چھوڑیں۔
چھپنے کی جگہیں ختم کریں
چھپکلیاں الماریوں، شیلفوں اور بے ترتیبی والی جگہوں میں چھپتی ہیں۔ الماریوں کے پیچھے، کونے اور شیلفوں کو اچھی طرح صاف کریں، غیر ضروری سامان ہٹا کر جگہ کو منظم کریں اور کھانے کی اشیاء مناسب ڈبوں میں رکھیں۔
کالی مرچ یا لال مرچ کا اسپرے
کیمیائی اسپرے کے بجائے کالی مرچ یا لال مرچ کے پاؤڈر کو پانی میں ملا کر اسپرے بنائیں اور ان جگہوں پر اسپرے کریں جہاں سے چھپکلیوں کے داخل ہونے کا خدشہ ہو۔ بہتر نتائج کے لیے اسپرے کو بار بار استعمال کریں۔
پیاز اور لہسن
پیاز اور لہسن کی تیز خوشبو چھپکلیوں کو بھگانے میں مدد کرتی ہے۔ پیاز کے ٹکڑے اور لہسن کی گٹھیاں گھر کے ممکنہ داخلی راستوں پر رکھنے سے چھپکلیاں قدرتی طور پر دور رہتی ہیں۔
پودینے کا تیل
پودینے یا یوکلپٹس جیسے خوشبودار ضروری تیل روئی میں جذب کر کے یا براہ راست ان جگہوں پر اسپرے کیا جا سکتا ہے جہاں چھپکلیاں دکھائی دیتی ہیں، اس سے وہ ان جگہوں سے دور رہتی ہیں۔
انڈوں کے چھلکے
انڈوں کے چھلکوں سے پیدا ہونے والی بدبو چھپکلیوں کو گھر سے دور رکھتی ہے۔ ان چھلکوں کو دروازوں، کھڑکیوں اور کچن کے قریب رکھنے سے فائدہ ہو سکتا ہے۔
لفافے کی گولیاں (موتھ بالز)
کپڑوں کی الماریوں اور کیبنٹس میں موتھ بالز رکھنے سے بھی چھپکلیاں دور رہتی ہیں، تاہم یہ بچوں اور پالتو جانوروں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔
ان قدرتی اور آسان گھریلو تدابیر کو اپنا کر آپ اپنے گھر کو چھپکلیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور انہیں دوبارہ داخل ہونے سے روک سکتے ہیں۔