آئی ایم ایف کی بجلی کی قیمتوں میں کمی کے پلان پر غور کی یقین دہانی
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے پلان پر غور کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ابتدائی طور پر آئی ایم ایف کی طرف سے خدشات موجود تھے، لیکن اب ادارے کی سربراہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان اگر قیمتوں میں کمی کا جامع پلان پیش کرے تو اس پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ ابوظبی اور دبئی کے دوروں کے حوالے سے بتایا کہ ان کی ابوظبی میں یو اے ای کے صدر سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں مختلف ممالک کے رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات ہوئی، جنہوں نے کاروباری سہولتوں میں بہتری کے لیے قیمتی تجاویز دیں۔ وزیراعظم کے مطابق انہوں نے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ یہاں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے، لیکن ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو اقتصادی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محنت ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا اور قرضوں سے نجات حاصل کرے گا۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی اقدامات، وزیر خزانہ اور وزیر توانائی کی کاوشوں کی تعریف کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے فلسطین کے موجودہ حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، وہاں تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کو بھی مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈینگی کی وبا کے دوران سری لنکن ڈاکٹروں نے پاکستان کی بھرپور مدد کی تھی، اور دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ برادرانہ تعلقات رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست اور برادر ملک ہے، اس کی سالمیت پر کسی قیمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: آئی ایم ایف شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، قانون سازی پر تحفظات سے آگاہ کیا
وزیراعظم سے ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے مذہبی سیاسی جماعتوں کے حالیہ قانون سازی سمیت دیگر تحفظات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کو افہام و تفہیم سے معاملات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں راہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے مذہبی سیاسی جماعتوں کے حالیہ قانون سازی سمیت دیگر تحفظات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو افہام و تفہیم سے معاملات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔