ڈکیتی مزاحمت پرقتل میں ملوث ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایس آئی یو نے دوران ڈکیتی قتل کرنے والے ملزمان کے گروہ کے کارندے سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کے مطابق 13 دسمبر 2024 کو گلستان جوہر بلاک 14 منور چورنگی کے قریب کباڑ کی دکان میں بائیکیا موٹر سائیکل رائیڈر کو دوران ڈکیتی ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا اور اس کا موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق واردات میں ملوث دو ملزمان حسین شاہ اور مدثر شاہ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا تھا جبکہ انکے تیسرے ساتھی ملزم عمیر علی کو بھی گلستان جوہر بلاک 7 سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔دوسری کارروائی میں پولیس نے قلندریہ چوک پل کے نیچے سے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان خالد خان اور سید محمد کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گلستان جوہر ، مبینہ ٹائون ، گلشن اقبال ، شاہراہ فیصل اور ضلع ایسٹ کے متعدد مقامات پر اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سٹی کورٹ: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم
کراچی کی سٹی کورٹ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کو مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پولیس کے مطابق ایس آئی یو ویسٹ نے ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کرتے ہوئے تین افراد، سریش عرف ساگر، انیل اور رام چند کے قتل کا مقدمہ اسلم پہنور اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسلم پہنور ایک ڈکیت گروہ کا سرغنہ ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زیر حراست تین ملزمان اور ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں زیر حراست تینوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جبکہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو بینک سے رقم لے کر جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو دوران حراست ہلاک ہو گئے۔