سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 15 خارجی دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ محمد حسن اشرف سمیت 4 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے ہتھلہ میں دہشت گردوں کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 9 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آپریشن کے دوران پاک فوج نے خارجہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور ہلاک ہونے والوں میں خارجیوں کے رنگ لیڈر ایچ وی ٹی فرمان عرف ثاقب، خارجی امان اللہ عرف طوری، خارجی سعید عرف لیاقت اور خارجی بلال بھی شامل تھے۔ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا، جہاں 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 فوجی جوان بھی شہید ہوگئے، جن میں ایک لیفٹننٹ بھی شامل تھا۔ شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک خوارج دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز پاک فوج
پڑھیں:
مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں
بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے کے بارہمولہ، کپواڑہ، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے بانڈی پورہ اور دیگر اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوجیوں نے آج ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کلنار بازی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ ادھر ادھمپور اور کولگام اضلاع میں آج مسلسل تیسرے روز بھی بھارتی فوجیوں کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے کے بارہمولہ، کپواڑہ، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔