زرعی یونیورسٹی کی 12 طالبات کو اسکاٹش اسکالرشپ سے نوازاگیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی 12 طالبات کو برٹش کونسل پاکستان کے تحت اسکاٹش اسکالرشپ برائے خواتین برائے تعلیمی سال2024-25ء سے نوازا گیا۔ اس ضمن میں یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں ایک اسکالرشپ تقسیم تقریب منعقد کی گئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے طالبات میں اسکالرشپ چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر رجسٹرار غلام محی الدین قریشی اور ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس، ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے تحقیق، محنت اور علمی مہارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طالبات کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں سرگرمی سے حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو خواتین کو سرکاری اور نجی شعبوں میں بہتر مواقع فراہم کر سکتی ہے۔ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر نے اسٹوڈنٹ فنانشل ایڈ آفس کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ادارہ نہ صرف اسکالرشپ فراہم کرتا ہے بلکہ آگاہی سیشنز اور طلبہ کی معاونت کے لیے بھی متحرک ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات اور اسپانسرز سے مستحق طلبہ کے لیے تعاون کرنے کی اپیل بھی کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس، سید نعمان علی شاہ نے اسکالرشپ کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یوایس ایڈ کے ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیویٹی (ہیسا) کے تحت تربیت کے بعد طلبہ کے لیے ای- سروسز متعارف کرائی گئی ہیں۔تقریب میں ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس علی اصغر بھٹی، پبلک ریلیشنز آفیسر گل شرپ لوچی سمیت دیگر یونیورسٹی افسران بھی شریک تھے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
راولپنڈی بورڈ؛ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات کے نام، کامیابی کی ریکارڈ شرح
راولپنڈی:بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا، جس میں طالبات نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی تینوں پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔
پہلی پوزیشن پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی طالبہ اریج شفقت حیات نے 1148 نمبر لے کر حاصل کی۔ اسی کالج کی عائشہ مشتاق نے 1139 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جب کہ رائل کالج آف سائنسز فار گرلز چکوال کی ایمان فاطمہ 1138 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔
بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحان میں مجموعی کامیابی کا تناسب 54.12 فیصد رہا۔ طالبات نے بہتر کارکردگی دکھائی اور ان کی کامیابی کی شرح 62.4 فیصد رہی، جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح صرف 39.87 فیصد رہی۔
پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، اراکین صوبائی اسمبلی اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی شرکت کی۔
پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور حنیف عباسی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور انعامات سے نوازا۔