پی آئی اے: لاہور سے دبئی جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 کے طیارے کا بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا، جب ایئر بس طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور سے دبئی جانے والی پرواز کے دوران ایئر بس طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں تکنیکی مسئلہ پیدا ہو گیا، اس صورتحال کے پیش نظر، کپتان نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
کپتان کی مہارت کے باعث طیارہ کامیابی سے واپس لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا اور خوش قسمتی سے کوئی بھی مسافر یا عملہ زخمی نہیں ہوا، طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
اس واقعے کے بعد پی آئی اے کی انجینئرنگ ٹیم لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی، جو کراچی سے پی کے 304 کے ذریعے لاہور پہنچی، انجینئرز کی ٹیم طیارے کی بورو اسکوپک انسپکشن کرے گی تاکہ طیارے کے انجن کو ہونے والے کسی بھی نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے۔
اس حادثے کے نتیجے میں پی آئی اے نے اپنے مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دی اور فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے تاکہ مزید کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پی آئی اے
پڑھیں:
انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش، کراچی کے شہریوں کیلیے ٹریفک پلان جاری
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے پیش نظر شہریوں کیلیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم اینڈ کانفرنس کا انعقاد 3 سے چھ نومبر تک ہوگا، جس میں کئی ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔
ٹریفک پولیس نے نمائش کے دوران کراچی شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا اور اپیل کی ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کیلیے عوام اس پر عمل کریں۔
ٹریفک پلان کے مطابق شاہراہ فیصل سے نرسری کی جانب آنے والی ہیوی ٹریفک کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ایسی تمام گاڑیوں ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ، ملینیئم اور نیپا کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،
اس کے علاوہ ملینیئم مال - ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی ہیوی ٹریفک پر پابندی ہوگی جبکہ نیپا سے حسن اسکوائر جانے والا روڈ ہیوی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
اپیل کی گئی ہے کہ ہیوی ٹریفک والے حضرات نیپا سے گلشن چورنگی، صفورا یا سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کریں، اس کے علاوہ نیو ٹاؤن سے یونیورسٹی روڈ اور اسٹیڈیم جانے والی ہیوی ٹریفک کو اجازت نہیں ہوگی جبکہ نیو ٹاؤن آنے والی ہیوی ٹریفک کو بلوچ پل کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر کی سڑک ہیوی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، ہیوی گاڑیوں کو لیاقت آباد نمبر 10 سے بائیں جانب شاہراہ پاکستان، کریم آباد سے سہراب گوٹھ کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ سر شاہ سلیمان روڈ پر اسٹیڈیم جانے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم اور واپسی کا راستہ صرف چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا۔
محکمہ ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری اپنی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں سروس روڈ یا مین روڈ پر پارک نہ کریں۔