غیر قانونی سمز کے خلاف ایف آئی اے کا ملک گیر کریک ڈاؤن
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
11افراد گرفتار، 7ہزار سے زائد غیر قانونی سمز ضبط کر لیں،کراچی میں بھی کارروائی
ایف آئی اے، پی ٹی اے کے ملتان، لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں مشترکہ چھاپے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11افراد کو گرفتار اور 7ہزار سے زائد غیر قانونی سمز ضبط کر لیں۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں اداروں نے ملتان، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور کراچی میں مشترکہ چھاپے مارے اور پہلے سے فعال غیر قانونی انٹرنیشنل سمز قبضے میں لے لیں۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملتان میں 5 چھاپے مارے گئے اور 7ہزار 64 سمیں اور 8 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، لاہور او گوجرانوالہ میں حکام نے 252 سمز قبضے میں لیں اور دو دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔دریں اثنا، راولپنڈی میں 335 برطانیہ کی سمز اور دیگر کارڈز قبضے میں لیے گئے ، اس کے علاوہ کراچی میں 10سمز کو ضبط اور ایک دکاندار کو گرفتار کیا گیا۔پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ پی ٹی اے غیر قانونی سمز کی فروخت کے خلاف پرعزم ہے اور عوام سے تعاون کرنے کی اپیل ہے تاکہ ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنایا جاسکے ۔15 فروری کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے انکشاف کیا تھا کہ غیر قانونی بین الاقوامی سمز خاص طور پر برطانیہ کی سمز پاکستان میں بڑے پیمانے پر بچوں کی پورنو گرافی، اغوا برائے تاوان اور آن لائن مالیاتی فراڈ سمیت سنگین جرائم کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ایف آئی اے (سائبر کرائم ونگ) کے ایڈیشنل ڈی جی وقار الدین سید نے سائبر کرائم کو ’ایک پیچیدہ مسئلہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے پہلی بار ان غیر قانونی سمز کے غیر مجاز کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا اور راولپنڈی، گوجرانوالہ، پشاور، سکھر اور ایبٹ آباد سے 44 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
کراچی: پولیس مقابلے کے بعد 4 ملزمان گرفتار، مغوی بازیاب
---فائل فوٹوکراچی میں سخی حسن چورنگی کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 4 اغوا کاروں کو گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کرا لیا۔
سخی حسن چورنگی پر شاہراہِ نور جہاں پولیس کا شارٹ ٹرم کِڈنیپنگ میں ملوث اغوا کاروں سے مقابلہ ہوا، پولیس کو شہری نے اطلاع دی تھی کہ کچھ ملزمان اس کے بھائی کو اغوا کر کے لے گئے ہیں اور رہائی کے لیے تاوان مانگ رہے ہیں، اغوا کاروں نے تاوان وصولی کے لیے مغوی کے بھائی کو سخی حسن بلایا تھا۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس سادہ لباس اہلکاروں کے ہمراہ سخی حسن چورنگی پر اغواکاروں کا انتظار کرنے لگی، اغواکاروں کے پہنچنے پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔
پولیس نے ملزمان کا تعاقب شروع کیا اور کے ڈی اے چورنگی پُل پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ملزم سمیت 2 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے جنہیں بعد ازاں تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان میں اشعر، کامران، عرفان اور دانیال نامی افراد شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مغوی شکیل کو آزاد کرا لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے 2 پستول، موبائل فون اور کار بھی برآمد کی گئی ہے۔