اسلام عورت کو قید نہیں ،اخلاقی حدود کا پابند کرتا ہے، طیبہ عاطف
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
کراچی (پ ر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین جے آئی یوتھ کے تحت عائشہ منور پردہ پاک 5c2 میں ہنرمند خواتین خصوصا نوجوانوں کے لیے یوتھ ایگزیبیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی نائب قیمہ جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) پاکستان طیبہ عاطف نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام عورت کو قید نہیں کرتا بلکہ اخلاقی حدود کا پابند کرتا ہے تاکہ وہ باعزت اور باوقار زندگی بسر کر سکیں مسلمان عورتیں گھر کی ذمے داریوں کو نبھاتے ہوئے تجارت اور معاش میں بھرپور حصہ لے سکتی ہیںجس کی روشن مثال حضرت خدیجہ رض کی ذات ہے آپ خاتون اوّل ہونے کے ساتھ عرب کی معزز تاجرہ تھیں، موجودہ دور میں خواتین جن مسائل کا شکار ہیں ان کا بہترین حل دین اسلام ہی پیش کرتا ہے، مسلمان عورت با حجاب اور باوقار انداز میں ہر میدان میں اپنی خدمات پیش کر سکتی ہے۔ ناظمہ ضلع سحرجلال کا کہنا تھا کہ موجودہ ماحول میں جماعت اسلامی خواتین کو ان کے جائز حقوق اور معاشرے میں ان کو حقیقی مقام دلانے کی جد وجہد کر رہی ہے اوران کے لیے محفوظ معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ ایگزبیشن میں فری میڈیکل کیمپ اور بچوں اور خریداروں کی تفریح و دلچسپی کے لیے فوڈ کورٹ و گیمز کے مقابلے بھی رکھے گئے تھے۔ نائب ناظمہ ضلع اور نگرا ن جے آئی یوتھ ضلع شمالی طلعت سعید نے مہمانوں اور نوجوان خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی یوتھ جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کرتی رہے گی۔ اس موقع پر سٹی کونسلر تنویر آمنہ اور نیوکراچی ٹاؤن کونسلرز نصرت مسعود اور طلعت عمران بھی موجود تھیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
پیپلز پارٹی نے کراچی کی نوکریوں پر قبضہ کر رکھا ہے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے شہر میں سڑکیں بنی ہوئی نہیں ہیں لیکن شہریوں کو ہزاروں کے ای چالان آ رہے ہیں، ہم لوٹ مار اور قبضے کے نظام سے شہر کو آزادی دلائیں گے۔ایک تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کراچی میں جماعت اسلامی کے منتخب اراکین اپنی بساط سے زیادہ کام کر رہے ہیں اور کریں گے، ایک مرتبہ پھر 9 ٹاؤنز میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا مرتضیٰ وہاب کے کام بھی ان کو دیکھنے پڑتے ہیں، ایس تھری منصوبہ کہاں چلا گیا، شہر میں ٹرانسپورٹ ہے نہیں، سڑکیں بنی نہیں ہیں اور ای چالان ہزاروں میں آرہا ہے، کراچی سرکلر ریلوے نہیں بن رہا ہے، ریڈ لائن نے یونیورسٹی روڈ کا برا حال کر رکھا ہے، اورنج لائن میں بھی پورے اورنگی کو کور نہیں کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کراچی میں قبضے کی سیاست جاری ہے، گاؤں اور دیہات پر قبضے کے بعد شہروں پر قبضہ کر لیا گیا ہے، لاہور میں جو چالان 200 روپے کا ہے سندھ میں 5 ہزار روپے کا ہے، یہ کیا ڈرامہ ہے سڑکیں ٹھیک نہیں اور مہنگے ای چالان کیے جارہے ہیں، ہم لوٹ مار اور قبضے کے نظام سے کراچی شہر کو آزادی دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی سیٹوں میں من پسند حلقہ بندیوں کی وجہ اضافہ ہوا، پیپلز پارٹی نے دھاندلی کرکے اپنا میئر بنایا، بلدیاتی انتخابات جیت کر لوگ کہتے تھے اختیارات ملیں گے نہیں تو کام کیسے کریں گے، ابھی تک پیپلزپارٹی نے ٹاؤن کو اختیارات منتقل نہیں کیے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کچرا اٹھانے کے اختیارات بھی سندھ حکومت کے پاس ہے، گھر سے جو کچرا اٹھایا جاتا ہے اس کے پیسے لوگ خود ادا کرتے ہیں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے پاس گھر سے کچرا اٹھا کر لینڈ فیلڈ سائٹ تک پہنچانے کا پورا میکنزم موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤنز کو کام کرنے سے روکا جا رہا ہے، سٹی وارڈنز کو استعمال کرکے کام میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی اپنے ٹاؤن میں اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، جماعت اسلامی کے تحت تعمیر و ترقی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نارتھ ناظم آباد میں کچھ بلاک کے لوگ شکایت کر رہے ہیں، ٹاؤن چیئرمین وہاں پر بھی کام کریں، شہر کی اونر شپ لیں۔ان کا کہنا تھا 12 سے 15 سال سے کراچی کے بڑے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، 15 سالوں میں پیپلز پارٹی نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، سیوریج کا نظام بھی ٹاؤن کو دیکھنا پڑ رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے کراچی کی نوکریوں پر قبضہ کر لیا ہے، کراچی کے نوجوانوں کو روزگار سے دور کر دیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا تعلیم خیرات نہیں یہ ہمارے بچوں کا حق ہے، جنریشن زی دنیا میں انقلاب لا رہی ہے، اسی جنریشن زی کو مایوس کیا جا رہا ہے، جنریشن زی اگر مایوس ہوگئی تو پھر غلط راہ پر لگے گی، جماعت اسلامی بنو قابل پروگرام کے ذریعے جنریشن زی کو باصلاحیت بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا حکومت سے کہنا چاہتا ہوں ہمیں کام کرنے دو، قبضہ کی سیاست اور کرپشن بند کرو، جماعت اسلامی تیاری کر رہی ہے اگر لوگ ہمارے ساتھ نکلے تو آپ کو جانا ہو گا۔