اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے وِنڈ فال ٹیکس برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد ایف بی آر نے 21؍ فروری 2025ء کو ایک ہی دن میں 16؍ بڑے بینکوں سے 23 ارب روپے ٹیکس وصول کیا۔ باخبر ذریعے کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ٹیکس ریکوری کا یہ بڑا آپریشن ٹیم ورک کا نتیجہ تھا جس میں گورنر اسٹیٹ بینک نے فعال کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق، اٹارنی جنرل آف پاکستان، چیئرمین ایف بی آر اور ماہرین قانون کی ایک ٹیم نے اشرافیہ پر ٹیکس لگانے اور قانونی ہیرا پھیری کے اس جڑے اُس کلچر کو ختم کرنے کی سرکاری حکمت عملی میں فیصلہ کن تبدیلی میں کردار ادا کیا جس نے طویل عرصے سے طاقتور کارپوریٹ مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ بھاری رقم 21 فروری 2025 کو وصول کی گئی۔ اس ریکوری سے ایک دن قبل ہی سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 99D کے تحت عائد ونڈ فال ٹیکس کیخلاف مالی شعبہ جات کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ دہائیوں سے ملک کے امیر ترین افراد اور اداروں نے اپنی پیسے کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے یا پھر آئینی درخواستوں کے ذریعے ٹیکس عائد کرنے میں تاخیر کرائی اور ٹیکس سے بچنے کی کوششیں کیں۔ اس سے حکومت کے پاس غریب اور متوسط طبقے پر بوجھ ڈالنے کے سوا اور کوئی راستہ نہ بچا۔ ذریعے کا کہنا تھا کہ اب وقت بدل چکا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں سپریم کورٹ اور تمام ہائی کورٹس میں آئینی بینچز کی تشکیل کے نتیجے میں ٹیکس سے امور سے جڑے کیسز کی رفتار میں تیزی آئی۔ ذریعے نے کہا کہ پہلے اشرافیہ طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے قانونی ڈھانچے میں پائی جانے والی خامیوں کا برسوں اور کئی معاملات میں دہائیوں تک فائدہ اٹھایا، بعض اوقات کیسز کو چلنے سے روکا گیا، لیکن نئے عدالتی ڈھانچے کے ساتھ عدالتیں اب تیزی سے کیسز چلا رہی ہیں جس کے نتیجے میں پھنسے ہوئے ٹیکسز کی وصولی فوری ممکن ہو پا رہی ہے۔ ماضی کی بات کریں تو جب بھی کارپوریٹ سیکٹر یا پھر امیر لوگوں پر ٹیکس عائد ہوا تو انہوں نے اس عدالت میں چیلنج کر دیا، مہنگے ترین وکلاء کی خدمات حاصل کیں۔ اس کے مقابلے میں ایف بی آر محدود بجٹ کے ساتھ جدوجہد کرتا رہا، کم تنخواہوں والے وکلاء کی خدمات حاصل کیں، جو کسی بھی طرح کارپوریٹ وکیلوں کے مقابلے میں نہیں اس عدم توازن کے نتیجے میں کیسز میں تاخیر ہوتی، نتیجتاً حکومت کو بالواسطہ ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑتا تھا اور کم آمدنی والا طبقہ غیر متناسب انداز سے متاثر ہوتا تھا۔ اس چکر کو توڑنے کیلئے وزیراعظم نے بذات خود فنڈز مختص کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ ایف بی آر کو بہترین قانونی نمائندگی حاصل ہو سکے۔ ذریعے کے مطابق، وزیراعظم کی ہدایت کے تحت حکومت صرف اپنے ٹیکس اقدامات کا دفاع نہیں کر رہی بلکہ حکومت ٹیکس سے جڑے ہر ایک کیس کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔ یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ فنانس ایکٹ 2023ء کے ذریعے متعارف کرائے گئے سیکشن 99 ڈی کے تحت ونڈ فال ٹیکس حکومت کو معاشی بے ضابطگیوں کی وجہ سے بعض شعبوں کی جانب سے غیر متوقع طور پر حد سے زیادہ کمائے گئے منافع پر 50؍ فیصد ٹیکس عائد کرنے کا جواز دیتا ہے۔ ذریعے نے یاد دہانی کرائی کہ 2021ء اور 2023ء کے درمیان پاکستان کی معیشت انتہائی حد تک عدم استحکام کا شکار رہی، روپے کی قدر 2020ء میں یہ تھی کہ ایک ڈالر 168؍ روپے کا تھا لیکن 2023ء میں ایک امریکی ڈالر 286؍ روپے کا ہوگیا، جس سے غیر ملکی زر مبادلہ کی مصنوعی طلب پیدا ہوئی۔ نتیجتاً، بینکوں نے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان بڑھتے فرق کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اربوں روپے کا منافع کمایا۔ ذریعے کے مطابق، یہ غیر منصفانہ مالی ونڈ فال تھا جس کی وجہ سے حکومت نے 21؍ نومبر 2023ء کو ایس آر او جاری کرتے ہوئے گزشتہ دو سال کے دوران بینکوں کی جانب سے کمائے گئے منافع پر 40؍ فیصد ٹیکس عائد کر دیا۔ کہا جاتا ہے کہ ونڈ فال ٹیکس کوئی نیا آئیڈیا نہیں، امریکا، برطانیہ، اٹلی، رومانیہ، یونان، اسپین اور پولینڈ وغیرہ میں یہ ٹیکس نافذ ہے۔ ذریعے کے مطابق، ونڈ فال ٹیکس کے نفاذ کی کامیابی سے حکومت اب اپنی توجہ اشرافیہ سے طویل عرصہ سے وصول نہ کیے جانے والے ٹیکس کی ریکوری پر مرکوز کیے ہوئے ہے، اس کے علاوہ سیکشن 4 بی اور 4 سی کے تحت سپر ٹیکس، غیر تقسیم شدہ ذخائر پر ٹیکس، کیپیٹل ویلیو ٹیکس (سی وی ٹی)، غیر ملکی آمدنی پر ٹیکس اور انٹر کارپوریٹ منافع پر ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔ذرائع نے کہا کہ یہ اقدامات، جو پہلے عدالتی مقدمات میں الجھے تھے، وزیر اعظم کی ہدایت پر جارحانہ انداز سے چلائے جا رہے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اضافی قانونی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں کہ اشرافیہ کے ٹیکس چور نظام میں مزید ہیرا پھیری نہ کر سکیں۔ عدالتی فیصلہ آنے کے 24؍ گھنٹوں کے اندر بینکوں سے 23 ارب روپے کی ریکوری میں ایف بی آر کی کامیابی ایک مالی کامیابی سے کہیں زیادہ بڑی بات ہے۔ یہ ملک کے ٹیکس نظام میں ایک مثالی تبدیلی ہے۔ ذریعے نے کہا کہ یہ تو شروعات ہے۔ اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ٹیکس کا نفاذ منصفانہ ہو اور غریب اور متوسط ​​طبقے پر غیر متناسب بوجھ نہ پڑے، غیر متزلزل سیاسی ارادے، ایک بہتر عدالتی نقطہ نظر اور جارحانہ قانونی نگرانی کے ساتھ ملک کا ٹیکس نظام بالآخر اشرافیہ کی گرفت سے نکل رہا ہے، پیغام واضح ہے: قانونی ہیرا پھیری کرکے ٹیکس سے بچنے اور ٹیکس چوری کے دن ہوا ہوئے۔

انصار عباسی

.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: ذریعے کے مطابق کے نتیجے میں ونڈ فال ٹیکس ایف بی ا ر ٹیکس عائد ٹیکس سے پر ٹیکس کے تحت

پڑھیں:

کیا پاک افغان تعلقات میں تجارت کے ذریعے بہتری آئے گی؟

19 اپریل کو پاک افغان مذاکرات کے دوران زیادہ تر گفتگو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے معاملات میں بہتری اور افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق رہی۔ پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے افغان قائم مقام وزیرخارجہ امیرخان متقی کے ساتھ اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں یہی بات کی کہ 2 سال سے زائد عرصے سے دونوں مُلکوں کے درمیان تجارتی معاملات پر بات چیت نہیں ہو سکی جس سے دونوں ممالک مواقع کھو رہے ہیں۔

افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پاک افغان تعلقات میں جو بہتری متوقع تھی وہ تو نہ آ سکی بلکہ 15 اگست 2021 کے بعد سے پاکستان کے اندر دہشتگردی کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس میں زیادہ تر واقعات میں تحریک طالبان پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد، پاکستان نہ صرف افغان عبوری حکومت بلکہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر شیئر کرتا رہا۔

پھر ستمبر 2024 میں تمام افغان غیر قانونی افغان مہاجرین کو اپنے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن یہ فیصلہ افغان عبوری حکومت کو پسند نہیں آیا۔ اِس پر اُنہوں نے اپنی ناراضی کا برملا اظہار بھی کیا۔

19 اپریل کو نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ  اسحاق ڈار کا دورہ  کابل اس سارے عرصے میں دونوں مُلکوں کے درمیان اعلٰی سطحی مذاکرات کا پہلا موقع تھا جس کو تمام سفارتی اور سکیورٹی ماہرین کی جانب سے نہ صرف خوش آئند قرار دیا گیا بلکہ معاملات کی درستی کے لیے اُٹھایا گیا قدم قرار دیا گیا۔

اسحاق ڈار کے دورے سے ایک روز قبل افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی نے پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان سے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے سلسلے میں بات چیت کی۔ افغان مہاجرین کے اس مسئلے پر دونوں مُلکوں کے درمیان کابل میں بھی بات چیت ہوئی اور آج افغان مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے ایک ہاٹ لائن قائم کر دی گئی۔

اسحاق ڈار کے دورے کی سب سے اہم بات دونوں مُلکوں کے درمیان ازبکستان، افغانستان پاکستان 647 کلومیٹر ریلوے ٹریک تعمیر کا اعلان تھا، ساتھ ہی ساتھ پاکستان افغانستان اور چین سہ فریقی فورم کو فعال کرنے کا اعلان بھی ہوا اور 30 جون تک پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ تجارتی معاہدے کی تجدید کی بات بھی کی گئی۔ جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک تجارتی روابط میں بہتری چاہتے ہیں۔

ایمبیسیڈر عبدالباسط

پاکستان کے سابق سینئر سفارتکار عبدالباسط نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان مذاکرات کی شروعات حوصلہ افزا ہے۔ ایک سوال کہ آیا ان مذاکرات سے پاکستان کو درپیش دہشتگردی کا معاملہ ختم ہو پائے گا؟ کے جواب میں ایمبیسیڈر عبدالباسط نے کہا کہ اُن کے خیال میں افغان طالبان ٹی ٹی پی کو تو کنٹرول کر سکتے ہیں لیکن اِسلامک سٹیٹ آف خُراسان بدستور ایک خطرہ رہے گا۔

سلمان بشیر

سابق سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی ایک معاملہ ہے جبکہ نائب وزیراعظم نے وہاں مختلف دیگر موضوعات و مسائل پر بھی گفتگو کی ہے۔

پاک افغان مذاکرات میں ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق بات چیت ہوئی۔

افغان اُمور کے بعض ماہرین کی رائے ہے کہ پاک افغان تعلقات میں تلخی کا بڑا سبب دونوں مُلکوں کے تجارتی تعلقات ہیں۔ افغانستان میں کوئی صنعت نہیں اور تجارت ہی اُن کا ذریعہ معاش ہے جس کا زیادہ تر انحصار پاکستان پر ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے افغانستان نے ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے ذریعے سے اپنی تجارت کو فروغ دینے کی کوشش کی لیکن ایک تو یہ کہ ایران کے ساتھ افغانستان کا صرف ایک بارڈر ملتا ہے جس سے افغانستان کے تجارتی سامان کو بندرگاہ تک پہنچنے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔ جبکہ پاکستان کے ساتھ افغانستان کے طورخم، خرلاچی، غلام خان، انگور اڈہ اور چمن سمیت زیادہ گزرگاہیں ہیں۔ افغان تجارت کے لیے پاکستان موزوں ترین مُلک ہے۔

افغان اُمور پر گہری نگاہ رکھنے والے صحافی فخر کاکاخیل کے مطابق جب پاکستان، افغانستان کے ساتھ اپنے بارڈرز کو بند کرتا ہے تو وہاں کاروبار کا شدید نقصان ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں میں غم و غصّہ بڑھتا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے دورۂ کابل کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا فوکس تجارت ہی رہی۔ افغان اُمور کےماہرین کا خیال ہے کہ تجارت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر کر سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

متعلقہ مضامین

  • مودی سرکار کے اقدامات سے دو قومی نظریہ سچ ثابت ہوا، اویس لغاری
  • 315 ارب روپے کا سیلز ٹیکس فراڈ پکڑا گیا، ملزمان گرفتار، دیگر کی تلاش جاری
  • محصولات کا ہدف پورا کرنے کیلیے نئے ٹیکس کا ارادہ نہیں،حکومت
  • حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل دوبارہ شروع کردیا، پیشکشیں طلب
  • فیشن ڈیزائنر نومی انصاری 1.25 ارب روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ میں گرفتار،تفتیش شروع
  • حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل دوبارہ شروع کردیا، پیشکشیں طلب
  • عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر نومی انصاری کیخلاف سوا ارب روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کا مقدمہ درج
  • اسلحہ لائسنس کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ
  • سوزوکی آلٹو کی قیمتوں میں اضافہ، فائلرز اور نان فائلرز کے لیے ٹیکس بڑھ گیا
  • کیا پاک افغان تعلقات میں تجارت کے ذریعے بہتری آئے گی؟