کراچی؛ مین ہول کی تعمیرکے دوران 2 مزدور سیوریج کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 24th, February 2025 GMT
کراچی:
نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب گہرے مین ہول کی تعمیر اور کھدائی کے دوران 2 مزدور سیوریج کے پانی میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مین ہول میں اتر کر رسیوں کی مدد سے دونوں افراد کی لاشوں کو باہر نکال کر چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان نے بتایا کہ لنڈی کوتل سمیت ملحقہ نالوں میں تعمیراتی کام چل رہا ہے اور گہرے مین ہول کی تعمیر اور کھدائی کے دوران 2 مزدور نالے میں گر گئے جو پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ بہہ کر کچھ فاصلے تک پہنچ گئے۔
اس دوران ان کے دیگر ساتھیوں نے سخت جدوجہد کے بعد سیوریج کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں کو رسیوں کی مدد سے باندھ کر باہر نکال لیا۔
انھوں ںے بتایا کہ متوفین کی شناخت 27 سالہ غفار خان اور 25 سالہ طفیل کے نام سے کی گئی جوٹھیکدار کے ملازم تھے اور ان کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ان کے دیگر ساتھیوں کے حوالے کردیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مین ہول
پڑھیں:
سابق انگلش کرکٹر کی موت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز
کراچی:انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھارپ کی خودکشی کے حوالے سے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
گراہم تھارپ گزشتہ برس ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوگئے تھے بعد میں انکی فیملی نے انکشاف کیا تھا کہ تھارپ نے خودکشی کی ہے۔
ان کی موت کے حوالے سے شروع ہونے والی تحقیقات میں اہلیہ امینڈا نے انکشاف کیا کہ تھارپ نے اس سے قبل 20 اپریل 2022 کو بھی اپنی جان لینے کی کوشش کی تھی جس کے بعد وہ کئی دن بے ہوش اور کئی ہفتے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل رہے۔
گراہم تھارپ نے 1993 سے 2005 کے دوران 100 ٹیسٹ اور 82 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی۔
گراہم تھارپ والد جیف نے بتایا کہ 2010 کے دورہ آسٹریلیا میں تھارپ انگلش ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ تھے، سیریز کے بعد کپتان جو روٹ، جیمز اینڈرسن اور آسٹریلوی پلیئرز ناتھن لائن، ٹریوس ہیڈ اور الیکس کیری ایک نائٹ کلب میں شراب نوشی کررہے تھے، وہاں پر پولیس پہنچی اور پوچھ گچھ کی، اس موقع پر تھارپ نے ویڈیو بنائی جوبعد میں لیک ہوگئی جس کی انھیں کافی شرمندگی تھی۔
والد کے مطابق گراہم تھارپ نے اس پر معافی بھی مانگی مگر وہ کافی نادم تھے، اس واقعے پر انگلش بورڈ نے انہیں ملازمت سے بھی برخواست کردیا تھا، جس کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئے، ان کا علاج بھی کروایا گیا مگر وہ عام لوگوں کے سامنے آنے کو تیار نہیں تھے۔
تھارپ کی اہلیہ امینڈا نے بتایا کہ انہوں نے مجھ سے ایک بار کہا تھا کہ میں زندگی ختم کرنے میں ان کی مدد کروں۔
تحقیقات کا سلسلہ جاری رہے گا انگلینڈ اور بھارت میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز تھارپ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ اور بیٹیاں کیٹی اور ایمی بھی موجود تھیں جنہوں نے دماغی صحت کی چیریٹی کیلیے امداد جمع کی۔