پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 50 برس بعد براہِ راست تجارت بحال
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
ویب ڈیسک — نجی شعبے کے درمیان تجارت کے آغاز کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سرکاری سطح پر بھی دو طرفہ تجارت کا آغاز ہو گیا ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان سے 50 ہزار ٹن چاول درآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے جس کی پہلی کھیپ پیر کو روانہ ہو گئی ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان کئی دہائیوں سے کشیدہ تعلقات کے بعد گزشتہ برس تعلقات میں بہتری آئی تھی ۔
بنگلہ دیش کی وزارتِ خوراک کے عہدے دار ضیاء الدین احمد نے خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کو بتایا کہ "ہم پہلی بار پاکستان سے 50 ہزار ٹن چاول درآمد کر رہے ہیں۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح پر پہلا معاہدہ ہے۔”
چاولوں کی دوسری کھیپ مارچ میں بنگلہ دیش کے لیے روانہ کی جائے گی۔
بنگلہ دیش کےمحکمۂ خوراک نے جنوری میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ساتھ چاول کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے اور اس کا وسیع رقبہ ایسے ڈیلٹا پر مشتمل ہے جہاں دریائے گنگا اور برہم پترا سے نکلنے والے ندی نالے کی وجہ سے سیلابی صورتِ حال پید ہوتی رہتی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش میں چاول کی قیمتوں میں 15 سے 20 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جسے مستحکم رکھنے کے لیے حکومت نے چاول درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ درمیانے درجے کے چاول کی قیمت 80 ٹکا فی کلو گرام تک پہنچ گئی تھی۔
بنگلہ دیش نے 499 ڈالر (ایک لاکھ 40 ہزار پاکستانی روپے) فی ٹن کے حساب سے پاکستان سے چاول خریدا ہے۔
سترہ کروڑ آبادی والا ملک بنگلہ دیش سیلاب اور طوفانوں کے خطرات سے دوچار رہتا ہے اور ایسے میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بڑھتا ہوا عالمی درجہ حرارت مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
بنگلہ دیش کی نجی کمپنیاں کئی برسوں سے پاکستان سے چاول درآمد کرتی رہی ہیں۔ تاہم یہ چاول براہِ راست بنگلہ دیش پہنچنے کے بجائے پہلے سری لنکا، ملائیشیا یا سنگاپور پورٹ پر آف لوڈ کرنا پڑتا تھا۔
دونوں ملکوں کے تعلقات گزشتہ برس شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد بہتر ہوئے تھے۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس اور پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی مختلف عالمی فورمز پر ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے اعلٰی فوجی حکام نے بھی حالیہ عرصے میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
دوسری جانب چین نے بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ارکان کو دورۂ بیجنگ کی دعوت دی ہے۔ ا س سے قبل چین نے جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کو بیجنگ بلایا تھا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں بھارت کا اثر و رسوخ کم کرنے کے لیے چین بھی بنگلہ دیش کے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ روابط بڑھا رہا ہے۔
بھارت بھی خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے۔ حالیہ عرصے میں سفارتی تعلقات میں کچھ بہتری کے باوجود دونوں ممالک خطے میں اثر و رسوخ کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں عوامی احتجاج کے پیشِ نظر شیخ حسینہ بھارت چلی گئی تھیں اور بنگلہ دیش میں محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم ہو گئی تھی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اس کے بعد تعلقات میں بتدریج بہتری آئی تھی اور دونوں ملکوں نے تجارتی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
اس رپورٹ کے لیے بعض معلومات اے ایف پی /رائٹرز سے لی گئی ہیں۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: چاول درا مد کر اور بنگلہ دیش بنگلہ دیش کے بنگلہ دیش کی دونوں ملکوں پاکستان سے کے درمیان کیا تھا کے لیے کے بعد
پڑھیں:
وزیر تجارت سے ایرانی سفیر کی ملاقات: اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ایرانی سفیر کو پاکستان و ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور ایرانی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو ’’فوڈ ایگ‘‘ نمائش میں شرکت کی دعوت دی، جو 25 سے 27 نومبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ جام کمال نے تجویز دی کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اور زاہدان کے گورنر کی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ سرحدی علاقوں میں تجارت اور عوامی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بحری امور، ریلوے اور مواصلات کے وزراء کو بھی ایران مدعو کیا جائے تاکہ باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے دوطرفہ تجارت میں پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے پاکستان سے 4 لاکھ ٹن چاول کی درآمد مکمل کر لی ہے جبکہ اب وہ مویشیوں کی خوراک اور مکئی کی خریداری کے لیے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیشرفت سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔