عبرتناک شکست پاکستان کرکٹ کو غیر یقینی مستقبل کا سامنا ، شائقین ،اسپانسرز کی دلچسپی ختم
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
کرکٹ جنون کے باوجودپاکستان کرکٹ کو برانڈ کے طور پر فروخت کرنا آسان نہیں ہوگا
18 ماہ میںقومی کرکٹ ٹیم تیسرے آئی سی سی ایونٹ کے پہلے رائونڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی
چیمپئنز ٹرافی میں عبرتناک ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ کو غیر یقینی مستقبل کا سامنا ہے ، شائقین اور سپانسرز کی دلچسپی ختم ہو نے لگی ۔رپورٹ کے مطابق ٹیم کی ناقص کارکردگی اور چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہونے کے بعد شائقین، ایڈورٹائزرز، براڈکاسٹرز اور سپانسرز کی دلچسپی ختم ہورہی ہے۔ 1996 کے بعد اپنے پہلے آئی سی سی بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے والی پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے سے محروم رہی جس کی وجہ سے شائقین کی دلچسپی کم ہورہی ہے ۔شائقین کرکٹ کی جانب سے بڑے ناموںبابر اعظم، رضوان، شاہین آفریدی، حارث رؤف،امام الحق اور نسیم شاہ کوتنقیدکانشانہ بنایا جارہاہے اوران سے کرکٹ چھوڑنے تک کے مطالبے ہورہے ہیں۔گزشتہ18 ماہ میںقومی کرکٹ ٹیم تیسرے آئی سی سی ایونٹ کے پہلے رائونڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ 2023میں بھارت میں پچاس اوورز کے ورلڈ کپ میں پاکستان سری لنکا کو ہرانے کے بعد بھارت، جنوبی افریقہ ، افغانستان اور انگلینڈ سے ہارکر سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکا۔ گزشتہ سال امریکہ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان پہلے راونڈ سے وطن واپس آگیا۔ حتی کہ امریکہ جیسی ٹیم نے پاکستان کو شکست دی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میںنیوزی لینڈ سے اور بھارت سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ اس سے قبل سہ ملکی سیرزمیں شکست کا بھی سامنا رہا ۔مسلسل شکستوں کی وجہ سے شائقین کرکٹ قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے کافی مایوس نظرآتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک رکن کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کے کرکٹ کے کاروبار کو کافی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں میزبانی کی فیس کی ضمانت دی گئی ہے، ٹکٹوں کی فروخت سمیت آئی سی سی کی آمدنی میں ہمارا حصہ ہے لیکن دیگر مسائل بھی ہیں جیسے لوگ میگا ایونٹ میں دلچسپی کھو رہے ہیں، براڈکاسٹرز آدھے بھرے اسٹیڈیم دکھا رہے ہیں ۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ: پاکستان نے بھوٹان 0-4 سے شکست دیدی
ساف انڈر17چیمپئن شپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کر دیا۔محمد عبداللہ نے شاندار ہیٹرک کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے شہر کولمبو میں شروع ہونے والی ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بھوٹان کو 4 گول سے شکست دے دی۔
گروپ بی کے میچ میں پاکستان کو پہلے ہاف کے اختتام تک 0-2 کی سبقت حاصل تھی۔ یہ دونوں گول محمد عبداللہ کے نام رہے۔ محمد عبداللہ نےکھیل کے 15ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو ایک گول کی برتری دلوائی، 25ویں منٹ میں محمد عبداللہ نے گول داغتے ہوئے اسے 0-2 کی سبقت میں تبدیل کردیا۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی پاکستان حریف ٹیم پر حاوی رہا۔
حمزہ یاسر نے 67ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو مزید سبقت دلوا کر مقابلہ 0-3 کردیا۔محمد عبداللہ نے3 منٹ بعد 70ویں منٹ میں گیند کو جال میں ڈال کر ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے پاکستان کو 0-4 کی واضح برتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
پاکستان اپنے دوسرے گروپ میچ میں جمعہ کو مالدیپ سے مقابلہ کرے گا۔گروپ مرحلے کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کا ٹکراؤ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔