انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ میں ملوث 7 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) گوجرانوالہ نے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث اشتہاریوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد عرفان، شوکت علی، عمر سلطان، عون ارتضاء، ریاست علی، علی حسن اور محمد اصغر کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں وزیر آباد، سیالکوٹ، ناروال، لاہور، گجرات اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان نے شہریوں کوعمان، البانیا، سائپرس، اٹلی اور دبئی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے وصول کیے۔ ملزم محمد اصغر نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 26 لاکھ روپے ہتھیائے۔ملزم نے شہری کو سمندر کے راستے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی تاہم شہری نے انکار کیا اور وطن واپس آگیا۔
گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے۔ ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمرکے مطابق انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایف آئی اے کی ٹیمیں انسانی اسمگلنگ کے متاثرین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل جاری ہے۔ گرفتار انسانی اسمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔ بین الاقوامی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انسانی اسمگلنگ کے
پڑھیں:
کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کے سامان چوری میں ملوث پی آئی اے ملازم گرفتار
کراچی:ائیرپورٹ پر مسافروں کے سامان چوری میں ملوث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایکسپریس نیوزکو ذرائع نے بتایا کہ کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ نے خاتون مسافر کی شکایت پر سامان چوری میں ملوث شخص کوحراست میں لیا ہے، خاتون مسافر پی آئی اے کی پرواز سے لاہور سے کراچی پہنچی تھی۔
خاتون مسافر نے جناح ٹرمینل ائیرپورٹ انتظامیہ کو اپنا سامان غائب ہونے کی شکایات کی تھی۔
کراچی ائیرپورٹ پر تعینات ڈیوٹی ٹرمینل منیجر غزالہ صدیقی نےخاتون مسافر کی شکایت پر فوری نوٹس لے کر کارروائی کی۔
ائیرپورٹ انتظامیہ نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پی آئی اے کے ملازم طارق کو حراست میں لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے ملازم نے سامان کے ہمراہ اندرون ملک روانگی لاؤنج سے باہر نکلنے کی کوشش کی اور روکنے پر پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی شعبہ ویجلینس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کی مدد سے خاتون کا سامان سے بھرا بیگ مل گیا۔
ذرائع کے مطابق طارق علی کے خلاف اس سے قبل بھی نجی ائیرلائن کے مسافروں کا سامان چوری کا الزام ہے، طارق علی پی آئی اے انجینئرنگ شعبے کا ملازم ہے جبکہ پی آئی اے ملازم کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ان کا ائیرپورٹ انٹری پاس ضبط کرلیا گیا ہے۔
بعدازاں اے ایس ایف کو بھی طلب کرلیا گیا، پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے ملازم طارق علی کو اے ایس ایف کے حوالے کر دیا ہے۔