اسلام آباد کی بارش اپنے اندر ایک رومانوی پہلو رکھتی ہے ،زاہد خشک بھی اس موسم میں سڑکیں ناپنے نکلنے کی ضد کرتے ہیں ، صاف نکھراموسم ، کھل کھلاتے پودے ، مٹی کی سوندھی خوشبو ، اجلا آسمان اور ہموار سڑکوں پر پانی کی طرح بہتی ٹریفک اور اسی روانی سے ذہنوں میں امڈتے پر لطف مضامین کے اشارے ،مگر ناس ہو ان بے ہنر صاحبان اختیار کا کہ ان کی نالائقی، کم فہمی اور کج روی نے یہ واحد عیاشی بھی نہ صرف چھین لی بلکہ بارش کے رومان پرور موسم کو مہنگائی کی طرح سوہان روح بنا ڈالا ۔ حیرت یہ ہے کہ اک شخص جو عوامی مزاج سے نا آشنا، شہروں اور معاشرت کے شعور سے بے بہرہ ، سیاست میں اجنبی ، انتظامی مہارت سے تہی دست امور سلطنت کی نزاکتوں کے علم سے عاری ہے، مگر اسے زمام کار تھمادی گئی اسلام آباد جیسے نازک اندام اور رومانوی مزاج شہر کی جو ملک کی شان ہے،دنیا میں ہماری شان ہے،جو دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں سے ایک ہونے کا اعزاز رکھتا ہے ۔ جاتے فروری کی بارش ملک بھر کے عوام کی دعائوں کا الوہی جواب تھی ۔ جس پرہر ایک جملہ شکر بجا لایا ، مگر افسوس کہ انتظامی صلاحیتوں سے بیر رکھنے والی انتظامیہ نے ایساپھوہڑ پن دکھایاکہ یہ دن اسلام آباد شہریوں کی یا دداشت میں اک عذاب بن کر محفوظ ہوگیا ۔ معمولی سی بارش ، اس جیسی بارشیں اس شہر میں کبھی معمول ہوا کرتی تھی ، مگر اس بار اس معمولی بارش کو بھی بد انتظامی اور بے تدبیری سے اسلام آبادیوں کے لئے اک عذاب میں بدل ڈالا گیا ، یہ ناقابل معافی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی اور غیر ملکی مہمان کے پروٹو کول کی وجہ سے ٹریفک کا اژدھام پیدا ہوا ، جس نے شہر کو رات گئے تک مفلوج کردیا ، لیکن سوال یہ ہے کہ شہر اقتدار میں سکیورٹی پہلی بار دی جا رہی تھی یا کوئی غیر ملکی مہمان پہلی بار آیا تھا ، یا پروٹوکول اور روٹ کا معاملہ پپلی بار درپیش تھا ؟ اس شہر کی تو پہچان ہی یہ ہے ، اس شہر کا معمول ہی یہ ہے کہ ہر روز کوئی غیر ملکی مہمان رونق افروز ہوتا ہے ، ہر وقت شہر کے کسی نہ کسی حصے میں سکیورٹی کوریڈور بنایا جاتا ہے ۔ اس شہر کی شناخت ہی یہ ہے کہ حکمرانوں ،پروٹوکول اور سکیورٹی کا شہر، دنیا بھر کے سفارتی حلقے اس شہرکےحسن انتظام اورسکیورٹی سینس کی تعریف کرتےتھےمگر گزشتہ روز ؟؟ توبہ ۔ ایسی بد انتظامی ، ایسی بدنظمی ۔۔ ایسا توفتنہ انتشار کی یلغار کے وقت بھی نہ ہواتھا ، بچیاں یونیورسٹیوں سےچاربجے نکلیں اور شب 10 بجے تک سڑکوں پرخوار ہوتی رہیں ، ان کی والدین پر کیا گزری ہوگی ، یہ بچیاں ٹریفک کے اس اژدھام میں اجنبی کیب ڈرائیورز کی موجودگی میں کس اذیت اور ہراسانی سے گزری ہوں گی ؟ وہ خواتین حضرات جو دفاتر سےنکلے اور رات تک گھر نہ پہنچے ،ایک کولیگ کے گھر سے اطلاع آئی کی پانی گھر میں داخل ہوگیا ، گھر میں تنہا بیٹی کے باربار فون کرنے کےباوجود اسے سڑکوں پر خواری برداشت کرناپڑی اور رات گئے تک گھر پہنچنے کی نوبت نہ آئی ، یہ کوئی ایک معاملہ نہیں ، سڑکیں بھری پڑی تھیں ۔ حد تو یہ کہ ہر طرح کے حالات میں ٹریفک کو رواں رکھنے والی پولیس بھی سڑکوں سے غائب تھی ۔ سڑک بلاک کرنے اور راستہ روکنے میں جلدی کرنے والی پولیس سڑک کھولنے اور ٹریفک بحال کرنے کے وقت کہاں غائب تھی ۔ کوئی نہیں جانتا ؟ اسلام آباد کا انتظام وفاق کی ذمہ داری ہے ، وزیرداخلہ دیکھتے ہیں ، مگر وہ کہاں تھے؟ شائد کہ انہیں اس بات کا اب تک احساس ہی نہ ہو کہ ان کی بد تدبیری سے شہر پر کیا بیتی ؟ جس غیر ملکی مہمان کو خوش کرنا مقصود تھا ، کیا اس کا سفارتخانہ اس صورتحال سے بےخبر ہے، وہ بتائے گا نہیں کہ اس شہر پر کیا بیتی ؟ شرم کی بات یہ ہے کہ وہی سفارتی مجلسیں جہاں اس شہر کی خوبصورتی اور حسن انتظام کے چرچے تھے ، انہی محافل میں جمعرات کی شب پاکستان کا تمسخر اڑایا جا رہا تھا ۔ سوال یہ ہے کہ جب ایک شخص اتنا بےہنر ہے کہ جس کام میں ہاتھ ڈالے ، اسے تمسخر بنا ڈالے ، وہ اقتدار کے لئے اس قدر لازم کیوں ہوگیا ؟ ان صاحب کی بے تدبیری میں کوئی شک باقی ہے کہ کرکٹ کا جنازہ نکال دیا گیا ، سکیورٹی کا ملک بھر میں بیڑا غرق ہے ، اب اسلام آباد رہ گیا تھا ، اسے بھی بے تدبیری اور بد انتظامی کا شاہکار بنا ڈالا گیا ۔ کوئی سیاسی ذہن کا مالک ہوتا ، کسی کو عوام کی جوابدہی کا خوف ہوتا تو جس وقت اسلام آباد کے شہری سڑکوں پرخوار تھے ، وہ خود بھی سڑکوں پر ہوتا ، کوئی اور ملک ہوتا تو اس انتظامی کا ذمہ دار اب تک مستعفی ہو چکا ہوتا ، یا کم ازکم شہریوں سے معافی ضرور مانگ لیتا ۔
کسی نے کہا تھا کہ زندگی دوسروں کے عیبوں کے پیچھے چھپ کر نہیں گزاری جا سکتی ، اپنے اندر بھی کوئی ہنر پیدا کرنا پڑتا ہے ، سوال یہ ہے کہ اس طرح کے بے ہنر اقتدار پرست اگر حسن انتظام سیکھ نہیں سکتے تو الگ کیوں نہیں ہوجاتے ، پہلے اس شہر کو فتنہ انتشار نے تباہ کیا ، اب وزیر بےتدبیر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ، جناب وزیر اعظم اور ارباب بست وکشاد اس شہر پر رحم کریں، کم ازکم وزیر بدل لیں یا جن شعبوں کو موصوف کے دست ہنر سے سزا دی جاچکی ان کی سزا معاف کرکے کسی دوسرے کے سپرد کردیا جائے ، تاکہ بحالی کے اقدامات ممکن ہو سکیں ۔ بہر حال اسلام آباد کی بارش کے رومانس کا جو ستیاناس کیا گیا ہے ، اس کا مداوا تو ممکن نہیں ، لیکن نظیر اکبر آبادی کی طویل نظم برسات کے کچھ اشعار شائد زخموں پر مرہم کا کام کرسکیں ۔ ویسے اس بد انتظامی سے پہلے ہماری اسلام آباد کی برساتیں ایسی ہی دل کش اور روح پرور ہوا کرتی تھیں ۔ بقول نظیر اکبر آبادی ۔
ہیں اس ہوا میں کیا کیا برسات کی بہاریں
سبزوں کی لہلہاہٹ باغات کی بہاریں
بوندوں کی جھمجھماوٹ قطرات کی بہاریں
ہر بات کے تماشے ہر گھات کی بہاریں
کیا کیا مچی ہیں یارو برسات کی بہاریں
بادل ہوا کے اوپر ہو مست چھا رہے ہیں
جھڑیوں کی مستیوں سے دھومیں مچا رہے ہیں
پڑتے ہیں پانی ہر جا جل تھل بنا رہے ہیں
گلزار بھیگتے ہیں سبزے نہا رہے ہیں
کیا کیا مچی ہیں یارو برسات کی بہاریں
مارے ہیں موج ڈابر دریا ڈونڈ رہے ہیں
مور و پپہیے کوئل کیا کیا رمنڈ رہے ہیں
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: غیر ملکی مہمان اسلام ا باد کی بہاریں سڑکوں پر یہ ہے کہ کیا کیا رہے ہیں شہر کی
پڑھیں:
مالدیپ میں متنازع بل منظور، صحافتی آزادی پر قدغن کے خدشات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 17 ستمبر 2025ء) مالدیپ کی پارلیمان نے صحافیوں اور میڈیا اداروں کو ضابطہ کار میں لانے کے لیے ایک ایسا متنازع قانون منظور کر لیا ہے، جس پر مقامی اور بین الاقوامی حلقوں نے سخت تشویش ظاہر کی ہے۔
منگل کی شب منظور ہونے والے 'میڈیا اینڈ براڈکاسٹنگ ریگولیشنز بل‘ کو انسانی حقوق کی تنظیموں نے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔
اس قانون کے تحت ایک ریگولیٹری کمیشن قائم کیا جائے گا، جسے میڈیا اداروں کو معطل، اخبارات کی ویب سائٹس بلاک کرنے اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا اختیار ہو گا۔یہ بل صدر محمد معیزو کی توثیق کے بعد نافذ العمل ہوگا۔ مقامی روزنامہ ''محارو‘‘ کے مطابق بیس سے زائد ملکی اور غیر ملکی تنظیموں نے اس قانون کو مسترد کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن پارلیمان نے ان خدشات کو نظرانداز کر دیا۔
(جاری ہے)
پیرس میں قائم تنظیم رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (RSF) نے خبردار کیا ہے کہ اس بل میں مبہم زبان استعمال کی گئی ہے، جسے حکومت سینسرشپ کے لیے استعمال کر سکتی ہے، خاص طور پر طاقت کے غلط استعمال کی کوریج کو محدود کرنے کے لیے۔مجوزہ کمیشن سات اراکین پر مشتمل ہو گا، جن میں سے تین کا تقرر پارلیمان کرے گی جبکہ چار کا انتخاب میڈیا کی صنعت سے ہو گا، تاہم پارلیمان کو انہیں برطرف کرنے کا اختیار ہوگا۔
کمیشن کو 25 ہزار روفیہ (تقریباً 1625 ڈالر) تک صحافیوں اور 100 ہزار روفیہ (6500 ڈالر) تک اداروں پر جرمانہ کرنے، لائسنس منسوخ کرنے اور ایک سال قبل شائع شدہ مواد پر بھی کارروائی کرنے کا اختیار ہو گا۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ نئے ضوابط کا مقصد میڈیا پر عوامی اعتماد قائم کرنا اور جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، تاہم یہ قانون سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لاگو نہیں ہو گا۔
آر ایس ایف کے ورلڈ پریس فریڈم انڈکس میں مالدیپ کا نمبر 180 ممالک میں سے 104ہے، جو کہ قریبی جنوبی ایشیائی ممالک پاکستان (158) سری لنکا (139) اور بھارت (151) سے کہیں بہتر ہے۔
ادارت: مقبول ملک