ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 8th, March 2025 GMT
راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں کارروائی کر کے 3 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 08 مارچ کو سیکورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ جس کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
اعلامیے کے مطابق آپریشن کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مارے جانے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 12 فوجی، 2 پولیس اہلکار شہید، 12 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے
فوٹو: فائلٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، حملے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شہید ہوگئے۔ فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے اور جوانوں نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی۔ دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے۔
آئی ایس پی ار کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، ہمارے بہادر شہدا کی عظیم قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔