سردی کا دورانیہ گھٹنے سے کاروبار متاثر، زرعی پیداوار کم
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
لاہور:
آب وہوا کی تبدیلیوں سے پاکستان و بھارت کے میدانی علاقوں میں سخت سردی کا دورانیہ مختصر ہو رہا ہے۔
اس عجوبے سے نہ صرف سرد راتوں کو انگیھٹیوں کے سامنے مونگ پھلی و ریوڑیاں کھانے اور گلیوں میں گرماگرم سوپ پینے کا چلن ختم ہو رہا ہے بلکہ سنگین خرابیاں بھی جنم لے چکی ہیں۔
موسم سرما سے جڑے سارے کاروبار دم توڑنے لگے ہیں مثلاً جیکٹیں و سویٹر کی کمپنیوں کو آرڈر نہیں مل رہے کہ سردی اب چند ہفتے رہتی ہے، جن اداروں کو کھڑا کرنے میں محنت مشقت کرکے کئی عشرے لگے ،وہ ڈھے رہے ہیں۔
سردی گھٹنے سے گندم ، چنا، سرسوں سمیت موسم سرما کی سبھی غذائی فصلوں کی پیداوار کم ہو رہی ہے۔ پاکستان وبھارت میں گندم کی پیداوار 15 سے 25 فیصد کم ہونے کا خدشہ ہے۔دونوں ممالک کو گندم منگوانے پر قیمتی زرمبادلہ خرچنا ہو گا۔
برف باری و بارشیں کم ہونے سے آبی ذخائر بھی نہیں بھرے۔ زراعت کو پانی کم ملنے سے غذائی پیداوار مزید گھٹے گی ۔یوں خوراک اور مہنگی ہو گی۔
بھارت وپاکستان کو مل کر موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے ورنہ وہ کروڑوں لوگوں کی زندگیاں گھمبیر خطرے میں ڈال دیں گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
حکومت کا فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:وفاقی حکومت نے صوبوں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو سستی اور معیاری گندم کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، پاسکو کے گندم ذخائر فوری طور پر صوبوں کی ضروریات کے مطابق فراہم کیے جائیں گے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ صوبوں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جائے گی،10 لاکھ ٹن گندم درآمد کر کے ملکی ضروریات پوری اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جائے گا۔