جعفر ایکسپریس حملہ: سکیورٹی فورسز نے 155 مسافر بازیاب کرالیے، 27 دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
جعفر ایکسپریس حملہ: سکیورٹی فورسز نے 155 مسافر بازیاب کرالیے، 27 دہشت گرد ہلاک WhatsAppFacebookTwitter 0 12 March, 2025 سب نیوز
کوئٹہ (آئی پی ایس)کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے اور 500 مسافروں کو یرغمال بنانے کے بعد کلیئرنس آپریشن میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فورسز نے 155 مسافروں کو بازیاب کروالیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح ساڑھے 9بجے ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوئی، جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزری تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کردی، جس نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، ساتھ ہی متعدد مسافر بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
عینی شاہدین اور لیویز ذرائع کے مطابق مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں جعفر ایکسپریس کو روک دیا گیا بعدازاں فائرنگ کی آوازیں کافی دیر تک آتی رہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران 155 یرغمال مسافروں کوسکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے رہا کروا لیا، جن میں مرد سمیت 31 عورتیں اور 15 بچے شامل ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق بازیاب مسافروں میں 17 زخمی بھی شامل تھے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، 80 مسافروں میں سے 12 مسافر آب گم اور 11 مسافر مچھ میں اپنے رشتہ داروں کے پاس ٹھہر گئے جبکہ 57 مسافروں کو مچھ سے کوئٹہ بذریعہ وین پہنچا دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی مسافروں کی با حفاظت رہائی کے لئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، دہشت گردوں نے خود کش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل ساتھ بٹھایا ہوا ہے، خود کش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹیں پہنے ھوئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز معصوم یرغمالیوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران جعفر ایکسپریس حملہ میں ملوث 27دہشت گردوں کو کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ آپریشن کے باعث دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری علاقے میں آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
ریلوے پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریل وہیں روک دی گئی ہے، ٹرین میں کم از کم 500 مسافر سوار ہیں، کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے۔
صدر اور وزیرِ اعظم کی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہبازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت
صدر آصف زرداری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر انسانی اور مذموم عمل ہے، مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اس کی روایات کے خلاف ہیں، بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں اور بچوں پر حملے کرنے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے، کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔
وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کا سدباب کررہی ہیں، دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، سیکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشت گردوں کو پسپا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کا آپریشن جلد کامیاب ہوگا، بزدل دہشت گردوں کو ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، رمضان المبارک میں مسافروں کو نشانہ بنانا عکاس ہے کہ دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بدامنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے100 سےزائد مسافروں کوبازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 16 سےزائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کےعزائم کو ناکام بنایا، زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیےدعا گو ہیں، نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ جعفرایکسپریس پر حملہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے، خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائےگا، بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کردیا جائے گا، عوام خوفزدہ نہ ہوں، دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں، بچ کر کوئی نہیں جائےگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا جعفر ایکسپریس کے نہتے مسافروں پر حملہ کرنے والے انسانیت سے عاری ہیں، دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہر مسافر کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جعفر ایکسپریس پردہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کی طرف سے مسافروں کو یرغمال بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بےگناہ مسافروں کو نشانہ بنانا اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا بزدلانا فعل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شہید کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے جعفر ایکسپریس پرحملے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ دہشت گرد پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، دہشت گردوں کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے، بلوچستان حکومت کا فوری ایمرجنسی کا نفاذ موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرےگا،ٹرین میں موجود مسافروں کے تحفظ کے لیے دعاگو ہوں۔
ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: سکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس
پڑھیں:
مستونگ: پولیو ٹیم پر حملہ، سکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکار شہید
مستونگ: پولیو ٹیم پر حملہ، سکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکار شہید WhatsAppFacebookTwitter 0 23 April, 2025 سب نیوز
کوئٹہ (آئی پی ایس) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انسداد پولیو مہم کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں یو سی موبی کلی تیری میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز فورس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیو ٹیم پر حملےکے بعد ضلع میں پولیو مہم غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب پولیو مہم پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔ حملے میں لیویز اہلکار نیک محمد موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ دوسرا اہلکار مقصود احمد شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مستونگ میں پولیو ٹیم پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں انسدادِ پولیو مہم کی ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے میں ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مایوس نہ ہوں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی
بلوچستان حکومت نے مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ”ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔“
ترجمان نے کہا کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنا رہی ہے اور صوبہ بھر میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔
واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور سکیورٹی اداروں نے حملے کو پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے کی سنگین کوشش قرار دیا ہے۔ شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت اور اعلیٰ حکام نے مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبروزیراعظم نے حکومتی کارکردگی کے نظام میں بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی وزیراعظم نے حکومتی کارکردگی کے نظام میں بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی امریکی کانگریس مین جیک برگمین کا عمران خان کی رہائی کا مطالبہ حساس اداروں سمیت سربراہ کیخلاف توہین آمیز پوسٹ؛ پیکا ایکٹ کے تحت شہری پر مقدمہ درج اسلام آباد میں عوامی سہولت کے لیے کئی بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ عمران خان کی نااہلی پر احتجاج؛ پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا یوٹرن: چین کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اعلانCopyright © 2025, All Rights Reserved
رابطہ کریں ہمارے بارے ہماری ٹیم