وزیراعلیٰ بلوچستان کی عسکریت پسندوں کو جرگے کی پیشکش
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہم ارباب اختیار کو ’ان کیمرا‘ اجلاس میں بتا چکے ہیں کہ عسکریت پسند مذاکرات چاہتے ہی نہیں ہیں لیکن ہم صوبے میں امن کا سورج طلوع کرکے رہیں گے اور اگر جرگے کے ذریعے مسئلہ حل ہوسکتا ہے تو وہ بھی کرلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کرلیا، تمام مسافر بازیاب، 33 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں اراکین کو یاد دلاتا ہوں کہ ہم کسی بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں
انہوں نے کہا کہ اس لڑائی کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور وہ کون سا حق ہے جو آئین نے ہمیں نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی جانب سے بار بار موقع دیے جانے کے باوجود دوبارہ اس طرح کی کاروائیاں کی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیے: جعفر ایکسپریس حملہ: دہشتگردی کیخلاف ایران کی پاکستان کو تعاون کی پیشکش
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں بندوق کے زور پر اپنی بات کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخبری کے نام پر بلوچوں کو مارا جا رہا ہے اور نہتے مزدور و مسافر بھی مارے جا رہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ تاریخ دلیری اور مہمان نوازی سے بھری پڑی ہے لیکن جو ریاست توڑنے کی بات کرے گا اس کا قلع قمع کریں گے اور ایک انچ بھی کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے لیے تعلیم کے دروازے کھولے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ معصوم اور نہتے عوام پر حملہ کر کے کیا وہ لوگ آخر ثابت کیا کرنا چاہتے ہیں۔
’حکومت جرگے کے لیے بھی تیار ہے‘وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریاست مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن یہ لوگ مذاکرات کرنا نہیں چاہتے لیکن کوئی بھی ملک توڑنے کی بات برداشت نہیں کرتا اور حکومت بس صبر سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہمارا آئین معصوم عوام کے ساتھ کھڑا رہنے کا کہتا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگر جرگے کے ذریعے مسئلہ ہو سکتا ہے تو حکومت تیار ہے لیکن بندوق اٹھانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں: جعفر ایکسپریس حملہ : اقوام متحدہ، چین اور امریکا کی مذمت
وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بلوچ عوام کو ورغلایا جا رہا ہے لہٰذا ہمیں نوجوانوں کے پاس جانا چاہیے اور انہیں روزگار فراہم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی ریاست کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی پھیلانے کا مسئلہ سیاسی نہیں ہے یہ جنگ گھر گھر تک پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کو اب سوچنا ہوگا اور حکومت کی رٹ قائم کرنی ہوگی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بلوچستان میں دہشتگردی جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ صوبہ بلوچستان عسکریت پسندوں کو جرگے کی پیشکش وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بلوچستان میں دہشتگردی جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ صوبہ بلوچستان وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز بگٹی نے کہا جعفر ایکسپریس وزیر اعلی نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
نفرت اور برادری کی سیاست ختم کر کے ترقی کو آگے بڑھانا ہوگا، وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کہا کہ ان سے سیاسی یا انفرادی سطح پر کوتاہیاں ضرور ہوئی ہوں گی، تاہم حویلی کی تعمیر و ترقی میں کبھی غفلت نہیں برتی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ ترقیاتی وسائل حویلی کے لیے مختص کیے، جو آزاد کشمیر کا سب سے پسماندہ حلقہ تصور کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنے ہی انتخابی حلقے سے شکست کھا گئے تو پھر کبھی الیکشن نہیں لڑیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے حویلی کے لیے دانش اسکول منظور کیا، جو علاقے کے بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دانش اسکول صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ عالمی معیار کی تعلیم، جدید رہائشی سہولتوں، کھیلوں اور دیگر تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ ایک ایسا منصوبہ ہے جہاں ایک ہزار طلبہ و طالبات بغیر کسی فیس کے تعلیم حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند برس بعد یہی بچے بہترین تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی قیادت کرنے کے قابل ہوں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ان کی حکومت نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ ضلع حویلی کو پہلی مرتبہ یونیورسٹی دی، جبکہ صحت کے شعبے میں بھی آزاد کشمیر کا سب سے بڑا پیکج اسی ضلع کے لیے منظور کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد فرسٹ ایڈ پوسٹیں، تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال اور دیگر طبی منصوبے حویلی میں شروع کیے گئے، حالانکہ ان منصوبوں پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے تنقید بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60 برس میں جتنے ترقیاتی کام نہیں ہوئے، اس سے زیادہ کام موجودہ حکومت نے مختصر مدت میں کیے۔ ان کے مطابق ضلع میں درجنوں پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی منظوری دی گئی، سائنس کالج قائم کیا گیا، جبکہ یہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی پیکج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی اصلاحات، اسپیشل اور سینیئر سیکریٹری کے عہدے ختم، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کے اہم اعلانات
وزیراعظم نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے بھی ریکارڈ ترقیاتی فنڈز فراہم کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پورے آزاد کشمیر میں تعمیر ہونے والی تقریباً 500 کلومیٹر پختہ سڑکوں میں سے 100 کلومیٹر سے زائد صرف حویلی کے حصے میں آئیں، جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے متعدد پل، دو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال، دو ٹاؤن کمیٹیاں اور بجلی کے شعبے کے بڑے منصوبے بھی اسی ضلع میں مکمل یا زیر تکمیل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حویلی کو ماضی میں ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا۔ کبھی یہ ضلع باغ کا حصہ ہونے کی وجہ سے محرومی کا شکار رہا اور بعد میں ضلع بننے کے باوجود اسے اس کا جائز حق نہیں ملا، لیکن موجودہ حکومت نے اس محرومی کا ازالہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ جب حویلی کی بات کرتے ہیں تو وہاں نہ پٹھان، نہ راجپوت، نہ کشمیری اور نہ گوجر ہوتے ہیں بلکہ سب سے پہلے حویلی کے شہری ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ برادری، قبیلے اور ذات پات سے بالاتر ہو کر علاقے کی ترقی کے لیے متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہونے کے باوجود وہ انتخابی مہم میں احتیاط برت رہے ہیں کیونکہ وہ ریاست کے تمام عوام کے وزیراعظم ہیں۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عناصر انتخاب کو عوامی خدمت کے بجائے کسی ایک فرد کو ہرانے کی جنگ بنا رہے ہیں، جس سے نفرت کی سیاست کو فروغ مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کر کے صرف برادری کی بنیاد پر فیصلے کیے تو مستقبل میں کوئی بھی عوامی خدمت کی سیاست نہیں کرے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد عوامی خدمت، ترقی، روزگار، سڑکوں، بجلی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی ہے، جبکہ نفرت، تقسیم اور برادری ازم پر مبنی سیاست کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے، لیکن یہ حق علاقے کی ترقی اور عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر استعمال ہونا چاہیے۔
آخر میں فیصل ممتاز راٹھور نے پٹھان برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بغیر کسی شرط کے ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو وہ صرف حویلی ہی نہیں بلکہ پورے آزاد جموں و کشمیر کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news انتخابات 2026 پٹھان قبیلہ حویلی فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر