ریاست مخالف مہم اور حساس سرکاری ڈیٹا لیک کرنے والے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
ملزم نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیٹا بیس تک غیر قانونی رسائی حاصل کی، شہریوں کے ذاتی پاسپورٹس اور اعلیٰ سرکاری شخصیات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی۔ اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریاست مخالف مہم اور حساس سرکاری ڈیٹالیک کرنے والے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم انس نواز کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد پیش کیا گیا، ایف آئی اے نے ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے، ریمانڈ دیا جائے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف پیکا کے تحت مقدمہ درج ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیٹا بیس تک غیر قانونی رسائی حاصل کی، شہریوں کے ذاتی پاسپورٹس اور اعلیٰ سرکاری شخصیات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم نے ایکس سے حساس معلومات شیئر کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
پنجاب ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے ترقیاتی سکیموں کیلئے 134 ارب منظور کر لئے
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26ء کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 29 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 134 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔ جن منصوبوں کی منظور ی دی گئی ان میں سی ایم انیشیٹو کے تحت نئے کالجز کی تعمیر کے لیے7 ارب 47 کروڑ ، پہلے سے موجود یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز کی تعمیر اور اپگریڈیشن کے لیے 2 ارب، پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لیے 124 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اس رقم سے ساہیوال، لودھراں، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، بہاولپور، وہاڑی، کوٹ ادو، سیالکوٹ، اٹک، شیخوپورہ، سرگودھا، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور وزیر آباد میں سیوریج، نکاسی آب اور دیگر ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔ پنجاب آرکائیو فیز تھری کی ڈیجیٹلائزیشن کے پوزیشن پیپر، پنجاب میں بزنس فسلیٹیشن ای بز پورٹل کے لیے پوزیشن پیپر، پنجاب ای کامرس انیشیٹو کے پوزیشن پیپر، چیف منسٹر آئی ٹی انٹرنشپ پروگرام کے پوزیشن پیپر، پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (پی ایم آر یو) آئی اینڈ سی ونگ، ایس اینڈ جی اے ڈی کے پوزیشن پیپر، پنجاب میں آن لائن شماریاتی نظام کے پوزیشن پیپر کی منظوری بھی دی گئی۔