جعلی دستاویزات اور گداگری میں ملوث خواتین سمیت 3 مسافر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
گجرانوالہ:
ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات اور گداگری میں ملوث 2 خواتین سمیت 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں صغراں، ذلیخہ جعفری اور محمد شاہ زیب شامل ہیں۔ گرفتار خواتین ایمرجنسی پاسپورٹ پر عراق سے پاکستان پہنچیں، جو عراق میں گداگری میں ملوث تھیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق خواتین نے غیر قانونی طور پر زمینی راستے سے ایران کے ذریعے عراق کا سفر کیا۔ ایف آئی اے کے ڈیٹابیس میں خواتین ملزمان کی روانگی کا ریکارڈ موجود نہیں پایا گیا۔
دریں اثنا ملزم محمد شاہ زیب کو جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم فلائٹ نمبر PK 244 کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچا، جوامیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا۔
ملزم کے پاسپورٹ پرلگا نیدر لینڈز کا ویزا جعلی پایا گیا۔ ملزم بہتر مستقبل کی خاطر یورپ جانا چاہتا تھا۔ملزم سعودیہ میں مقیم شفیق بٹ نامی ایجنٹ سے رابطے میں تھا، جس نے یورپ جانے کے مذکورہ ایجنٹ کو 60 ہزار سعودی ریال ادا کیے۔
ایجنٹ نے بھاری رقوم وصول کر کے جعلی ویزے پر یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔
ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور پولیس نے اسنوکر کلب پر کارروائی، ایم پی اے کے بیٹے سمیت کئی ملزمان گرفتار
سابق خاتون ایم پی اے پر مبینہ پولیس تشدد کے معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ پولیس ترجمان نے کہا کہ خاتون ایم پی اے کا بیٹا اسنوکر کلب میں جوا کھیلتے گرفتار ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے انکوائری 48 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور مبینہ واقعہ کے تمام شواہد بشمول ویڈیوز سے انکوائری کرنے کا حکم دیا۔ ترجمان لاہور پولیس نے کہا کہ مبینہ تشدد کی انکوائری شروع کردی گئی جب کہ دیگر تمام الزامات حقائق کے منافی ہیں، خاتون ایم پی اے کا بیٹا اسنوکر کلب میں جوا کھیلتے گرفتار ہوا، ارسلان دو روز قبل 90 اسنوکر کلب میں 12 دیگر ملزمان کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ ترجمان پولیس نے کہا کہ مذکورہ اسنوکر کلب اور گرفتار دیگر ملزمان سابقہ جوئے میں ریکارڈ یافتہ ہیں، خاتون کا ایک بیٹا گزشہ ماہ موٹر سائیکل سے گر کر جاں بحق ہوا جس کا مقدمہ درج ہے، اسنوکر کلب سے دوسرے بیٹے کی گرفتاری کو پہلے بیٹے کے مقدمہ قتل پر دباؤ سے جوڑنا بے بنیاد ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خاتون ایم پی اے نے بیٹے کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، سابق ایم پی اے اور اس کے شوہر نے بیٹے کو چھڑوانے کے لیے پولیس والوں سے شدید بدسلوکی کی۔