چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبرانِ کمیشن کی تعیناتی میں تاخیر کیخلاف اپوزیشن رہنماؤں کاعدالت سے رجوع
اشاعت کی تاریخ: 25th, March 2025 GMT
چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبرانِ کمیشن کی تعیناتی میں تاخیر کے خلاف قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈران عمر ایوب اور شبلی فراز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر، ممبر سندھ اور بلوچستان اپنی مدت مکمل کر چکے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کرکے آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے عدالت قرار دے کہ وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی، اور چیئرمین سینیٹ اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔
عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر ارکان قومی اسمبلی کے نام دینے، چیئرمین سینیٹ کو ارکان سینیٹ کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجنے کی ہدایت دے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم کو آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بامعنی مشاورت کے احکامات جاری کرے اور چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی آئینی مدت ختم ہونے کے باوجود عہدے پر رہنے کو غیرقانونی قرار دے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیف الیکشن کمشنر اور قومی اسمبلی
پڑھیں:
کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول نومبر میں جاری کرینگے، الیکشن کمیشن
صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں جلد ہی کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائینگے۔ تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ نومبر کے پہلے مہینے میں انتخابات کے شیڈول جاری کر دیئے جائیں گے۔ کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمیشن کے آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں جلد ہی کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ اس ضمن میں تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ انتخابی شیڈول نومبر کے پہلے ہفتے میں جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے 172 یونین کونسلز کے تحت 641 وارڈز میں پرانی حلقہ بندیوں کے مطابق بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ ووٹرز لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں۔ سیاسی جماعتیں ووٹر لسٹیں چیک کرکے اپنے کارکنان کے ووٹ رجسٹرڈ کرائیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جن کے ووٹ ابھی تک ان کے متعلقہ وارڈ میں درج نہیں ہیں، وہ جلد از جلد درج کرائیں۔ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی ووٹر کا نام درج نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو پرامن طریقے سے کرانے کے لئے سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ پولیس اور ایف سی کو تعینات کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج کی خدمات بھی طلب کی جا سکتی ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بلوچستان کی ایک صوبائی اسمبلی کی نشست کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق کہا کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے قلات کی صوبائی سیٹ پی بی 36 پر انتخاب تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔