بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن کو بھی دعوت دی ہے، حکومت
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزراء نے جعفر ایکسپریس، گوادر میں مسافروں کی شہادت اور کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت اس معاملے پر مکمل سنجیدگی کیساتھ کام کر رہی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی وزراء ظہور بلیدی اور شعیب نوشیروانی اور ترجمان شاہد رند نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات سے سختی سے نمٹا جائے گا اور پاکستان کے خلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ آج چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی ظہور بلیدی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنایا گیا اور انہیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں مسافر بس سے معصوم شہریوں کو اتار کر شہید کرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ گزشتہ روز کے دھماکے میں معروف ڈاکٹر مہراللّٰہ ترین کو نشانہ بنایا گیا جو ایک پرفیشنل اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے۔ ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور حکومت اس معاملے پر مکمل سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی دشمن عناصر کو برداشت نہیں، مگر ان عناصر کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔ لیکن حکومت شہریوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بلوچستان میں بعض علاقوں میں محرومیاں اور بیڈ گورننس کے مسائل موجود ہیں، لیکن حکومت ان معاملات کے حل کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق گورننس اور امن و امان کی بہتری کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل حل کرنے پر سنجیدہ ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپوزیشن کو بھی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت بلوچستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف ہے۔ لسانیت اور شناخت کے نام پر قتل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں صوبائی وزراء اور ترجمان نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پریس کانفرنس دہشت گردی کے کہ بلوچستان کرتے ہوئے نے کہا کہ جائے گا رہی ہے کے لئے
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں امن و امان کے بارے صوبائی اور وفاقی حکومت کے جرگے
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں قبائلی راہنماؤں نے شکوہ کیا کہ صوبائی حکومت کو خطیر رقم دی گئی لیکن قبائلی اضلاع میں سکول بنا نہ ہسپتال۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ وفاق سے دی جانے والی رقم صوبائی حکومت کے اکاؤنٹ میں جاتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کیلئے الگ اکاؤنٹ بنایا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، صوبائی اور وفاقی حکومت کے الگ الگ جرگے، امن و امان کی بحالی کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے نالاں قبائلی عمائدین وزیر اعظم ہاؤس پہنچ گئے۔ جرگہ میں قبائلی اضلاع کے سابق اور موجودہ سینیٹرز، ایم این ایز ملکان اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور گورنر خیبر پختونخوا بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
جرگے میں رانا ثناءاللہ، احسن اقبال، اختیار ولی سمیت وفاقی وزراء نے شرکت کی، آئی جی خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری اور ایف بی آر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق قبائلی عمائدین نے شکوہ کیا کہ خطیر رقم دی گئی لیکن قبائلی اضلاع میں سکول بنا نہ ہسپتال۔
وزیراعظم شہباز شریف نے استفسار کیا کہ قبائلی اضلاع کیلئے اب تک کتنی رقم دی جاچکی ہے۔؟ جس پر حکام نے شرکا کو بریفنگ دی کہ قبائلی اضلاع کیلئے اب تک 7 سو ارب روپے دیئے جاچکے ہیں۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ وفاق سے دی جانے والی رقم صوبائی حکومت کے اکاؤنٹ میں جاتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کیلئے الگ اکاؤنٹ بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور قبائلی اضلاع کیلئے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امیر مقام کی زیر صدارت کمیٹی میں قبائلیوں کو نمائندگی دی جائے، اس موقع پر شرکا نے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم کیا۔