کے پی، بلوچستان کے مسائل کیلئے ان کو حقوق دیے جائیں، مفتاح اسماعیل
اشاعت کی تاریخ: 1st, April 2025 GMT
کراچی:
سابق وزیرخزانہ اورعام پاکستان پارٹی کے سیکریٹری مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان کے مسائل کا حل یہ ہے کہ وہاں حقوق دیے جائیں اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات ہوں اور مسائل آپریشن سے نہیں مذاکرات سے حل کیے جائیں۔
عیدالفطرکے موقع پر پر کراچی میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹیریٹ میں ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں حادثات یا ٹریفک کا مسئلہ ناکام حکمرانی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) 18 سال سے صوبے میں برسراقتدار ہے، روز حادثات ہو رہے ہیں، حاملہ خواتین سمیت شہری جاں بحق ہو رہے ہیں، یہ حکومت کی لاپرواہی ہے، اگر حکومت سندھ چاہے تو یہ مسئلہ تین سے چار روز میں حل ہوسکتا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا سکہ فارم 47 کی وجہ سے ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کے لوگوں کو مایوس کیا ہے اور کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کا ووٹ ختم ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکمرانی کو عوام نے دیکھ لیا ہے، پی پی پی سے فیض عوام کو ان کے لوگوں کو پہنچتا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عام پاکستان پارٹی عوام میں مقبول ہو رہی ہے، مئی یا جون میں کراچی میں جلسہ کریں گے۔
معاشی صورت حال کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صوت حال کا اندازہ عوام کے مجموعی حالات دیکھ کر پتا چلتا ہے، لوگوں کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، مہنگائی بڑھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سال سے لوگوں کی آمدنی کم ہو رہی ہے، حکومت کی لاپرواہی سے چینی کی قیمت 115 سے 180 روپے تک پہنچ گئی، حکومت نے چینی برآمد کرنے کی اجازت کیوں دی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچساتان کے لوگ ہم سے ناراض ہیں، ان کے مسائل مذاکرات سے حل ہوسکتے ہیں، آپریشن مسائل کا حل نہیں، بلوچستان اور کے پی کے مسائل کا حل یہ ہے کہ وہاں عوام کو خودمختاری دی جائے اور غربت کم کی جائے، دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کراچی میں کے مسائل مسائل کا
پڑھیں:
کراچی میں ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم، یکم اکتوبر سے ای چالان کیے جائیں گے
کراچی ٹریفک پولیس اور لوک سہائتہ کے اشتراک سے روڈ سیفٹی اور فیس لیس ای ٹکٹنگ کے حوالے سے ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس مہم کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اور ایک جدید، خودکار چالان نظام سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے۔یکم اکتوبر 2025 سے فیس لیس ای چالان سسٹم باضابطہ طور پر فعال کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان جدید کیمروں کی مدد سے کیا جائے گا اور بغیر کسی مداخلت یا سفارش، ثبوت کے ساتھ شہریوں کے گھروں پر ارسال کیا جائے گا۔اس جدید نظام کے تحت شہر بھر میں نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خودکار نگرانی کی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں تصویری یا ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان جاری ہوگا۔شہریوں کو شفاف، منصفانہ اور مؤثر قانون نافذ کرنے کا ایک نیا تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ آگاہی مہم کے دوران شہر کے مختلف اہم مقامات، بالخصوص ٹریفک سگنلز پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔رضاکار، لیڈی کانسٹیبلز اور تعلیمی اداروں کے طلباء ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں کو آگاہ کر رہے ہیں۔ ٹریفک قوانین کی پابندی، روڈ سیفٹی اور نظام میں شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام کراچی شہر کو زیادہ محفوظ، منظم اور قانون پسند بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آپ کے سفر میں ہمسفر، کراچی ٹریفک پولیس۔