کراچی سے دوحہ جانے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کے بعد منسوخ
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
کراچی:
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے والی قطر ایئر ویز کی پرواز منسوخ کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق قطر ایئر ویز کی پرواز کو جمعہ کی شب 3 بج کر 50 منٹ پر دوحہ کیلئے روانہ ہونا تھا تاہم ٹیکسی کے دوران طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث پرواز کئی گھنٹوں تک روانہ نہ ہو سکی۔
مسافروں کو پہلے طیارے میں بٹھا کر طویل انتظار کروایا گیا، پھر لاؤنج میں واپس بھیج دیا گیا۔ طویل انتظار اور غیر یقینی صورتحال کے بعد قطر ایئرویز نے پرواز کی منسوخی کا اعلان کر دیا۔
پرواز میں 325 مسافر سوار تھے جن میں سے متعدد کی دوحہ سے آگے کنیکٹنگ فلائٹس بھی تھیں۔ پرواز کی منسوخی سے بیرون شہر سے آئے مسافر شدید پریشان ہو گئے۔
پرواز منسوخ کرنے کے باوجود مسافروں کو ہوٹل نہیں بھیجا گیا، ایئرلائن کا مؤقف ہے کہ ہوٹلوں میں گنجائش موجود نہیں، اس لیے مسافروں کو گھر واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔
مسافروں نے الزام عائد کیا کہ پرواز منسوخ ہونے کے باوجود ہوٹل فراہم نہ کرنا بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔
متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی فوری نوٹس لے اور قطر ایئر ویز کو مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کا پابند بنائے۔
مسافروں کا شکوہ ہے کہ نہ صرف پرواز منسوخ کی گئی بلکہ اگلی فلائٹ کے بارے میں بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
قبل ازیں پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر پرمسافروں نے ایئرلائن کے خلاف شدید احتجاج کیا اور دیگر پروازوں کے مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا جس پر مسافروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔
قطر ایئرویز کے متاثرہ مسافروں کا مطالبہ تھا کہ پہلے ان کی پرواز سے متعلق واضح معلومات فراہم کی جائیں، تب ہی دیگر پروازوں کو روانہ ہونے دیا جائے گا، صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو طلب کیا گیا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قطر ایئر ویز پرواز منسوخ مسافروں کو کی پرواز
پڑھیں:
سامعہ حجاب نے ملزم زاہد کو معاف کرنے کیلئے کی جانے والی ڈیل پر خاموشی توڑ دی
معروف ٹک ٹوکر سامعہ حجاب نے ملزم زاہد کو معاف کرنے کے معاہدے پر خاموشی توڑ دی۔ گزشتہ روز صحافیوں نے ٹِک ٹوکر سے پوچھا تھا کہ آپ کے ساتھ کتنے کروڑوں کی ڈیل ہوئی ہے، لیکن ٹک ٹوکر خاموشی سے کسی سوال کا جواب دیے بغیر چلا گیا تھا۔ تاہم سامعہ نے ایک ویڈیو میں ڈیل کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے حسن زاہد کو پیسے یا کسی خوف کی وجہ سے معاف نہیں کیا۔ ٹک ٹوکر کا کہنا تھا کہ حسن زاہد کے والدین میرے گھر آئے اور اپنے بیٹے کو معاف کرنے کی درخواست کی جس پر میں نے ان کے بیٹے کو معاف کردیا۔ واضح رہے کہ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عامر ضیاء نے کی، جس میں تفتیشی افسر محمد اسحاق عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ سامعہ حجاب نے ملزم کو معاف کر دیا ہے، میں ان کی جانب سے گواہی دیتا ہوں۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ یا تو مدعی خود یا اس کے خاندان کا کوئی فرد عدالت میں آکر بیان دے جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی۔ وقفے کے بعد ٹک ٹوکر سامعہ حجاب عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا، جج عامر ضیا نے سامعہ حجاب سے پوچھا کہ کیا آپ کا کیس حل ہوگیا؟ کیا آپ کیس کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں؟ سامعہ حجاب نے بیان دیا کہ ہمارا کیس طے پا گیا ہے اور میں اپنا کیس واپس لے رہی ہوں، مجھے ملزم کی ضمانت اور بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بعد ازاں عدالت نے حسن زاہد کی 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔