مریضوں کے میڈیکل ریکارڈ کیلئے ایم آر نمبر کا نفاذ کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال کا نادرا کا دورہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین کے دفتر کے دورے میں کہا ہے کہ ملک میں مریضوں کے ڈیٹا کے حوالے سے ایم آر نمبر کا نفاذ کرنے جا رہے ہیں، جس کے تحت ملک میں کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت مریض کے میڈیکل ریکارڈ تک رسائی ممکن ہو گی۔
وفاقی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کے دفتر کا دورہ کیا اور اس موقع پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے ہیلتھ سسٹم میں مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا جامع ڈیٹا موجود نہیں، جسے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ ملاقات صحت کے نظام میں ایک ایم آر نمبر کے نفاذ کے لیے کی گئی۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے ہیلتھ سسٹم میں مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا جامع ڈیٹا موجود نہیں ہے، جسے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پورے پاکستان میں ایک ایم آر نمبر کرنے جا رہے ہیں اور اب پاکستان کے شناختی کارڈ کا نمبر ہی ایم آر نمبر ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نادرا پاکستان کا سب سے بڑا ڈیٹا بینک ہے اور اس نظام کے تحت ملک میں کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت مریض کے میڈیکل ریکارڈ تک رسائی ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ کو فروغ دینے سے صحت کا نظام مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکتا ہے، یہی وقت ہے کہ ہم روایتی طریقوں سے آگے بڑھ کر ڈیجیٹل ہیلتھ کو اپنی پالیسیوں میں شامل کریں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 70فی صد لوگ علاج کے لیے بنیادی مراکز صحت کے بجائے بڑے اسپتالوں میں جاتے ہیں، وزارت صحت اور نادرا مل کر عوام کی دہلیز تک صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کریں گے اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے ڈاکٹرز اور دوا مریض کی دہلیز تک لائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایم آر نمبر جا رہے ہیں صحت مصطفی کسی بھی کمال نے کے لیے
پڑھیں:
نادرا کا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک اور قدم، نکاح کے آن لائن اندراج کا آغاز
— فائل فوٹونیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کےلیے ایک اور سہولت متعارف کروادی۔
اب مخصوص یونین کونسل (یو سی) کے شہری اپنے گھر بیٹھے اپنے نکاح کا آن لائن اندارج کروا سکیں گے۔
نادرا کے مطابق ابتدا میں محدود پیمانے پر یونین کونسل میں نکاح کے آن لائن اندراج کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصدر شہریوں کے لیے خدمات تک رسائی مزید آسان بنانا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نکاح کا اندراج متعلقہ یونین کونسل میں کروا یا جا سکتا ہے، اس کے بعد اپنا میرج رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ موبائل ایپ کے آئی ڈی والٹ میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق ابتدائی مراحل میں یہ سہولت پنجاب کے تین اضلاع چکوال، جہلم اور ننکانہ صاحب میں فراہم کی گئی ہے۔
اب چکوال کی 71 یونین کونسلز، جہلم کی 44 یونین کونسلز اور ننکانہ صاحب کی 65 یونین کونسلز کے شہری اپنے گھروں میں آرام سے اس سہولت تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ یہ سہولت بہت جلد مرحلہ وار پاکستان بھر میں فراہم کر دی جائے گی۔