غزہ سے اظہار یکجہتی، تاجر برادری کا پاکستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
کراچی:
فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت میں پاکستان بھر کی تاجر برادری نے 26 اپریل کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا اور تمام ذیلی تنظیمیں اپنے اپنے اضلاع میں احتجاجی ریلیاں منعقد کریں گی۔
تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری اور دیگر تاجر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ 26 اپریل کا فیصلہ چاروں صوبوں کی تاجر تنظیموں اور آزاد کشمیر کی تنظیم کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ اسرائیل کی مصنوعات یا اس کو فائدہ پہنچانے والی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اپنی دکانوں سے ایسے مال کو فوری ہٹا دیں۔
تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ فلسطین غزہ اور اقصیٰ کے عوام آج ظلم و زیادتی کا شکار ہیں، قبلہ اول کی حرمت کو نقصان پہنچ رہے، تمام اسلامی ممالک خاموش ہیں اور ان کی بے حسی افسوس ناک ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پیر پگارا کا افواج پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی، حر جماعت کو دفاع وطن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت
کراچی:حر جماعت کے روحانی پیشوا اور ممتاز سیاسی شخصیت پیر صاحب پگارا نے خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پوری حر جماعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر لمحہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ تیار رہیں۔
اپنے ایک اہم بیان میں پیر پگارا نے کہا کہ مادر وطن کا دفاع ہمارے لیے ہر چیز پر مقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نازک موقع پر نہ صرف حر جماعت بلکہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
پیر صاحب پگارا نے زور دیا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ پاکستان کے تحفظ اور دفاع کے بارے میں سوچنے کا ہے۔
پیر پگارا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات اور چیلنجز سے محفوظ رکھے اور ملک کو امن و استحکام عطا فرمائے۔