کیا پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاملات بہتری کی طرف گامزن ہیں؟
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
گزشتہ دو دن پاک افغان تعلقات اور دونوں مُلکوں کے درمیان مذاکرات کو لے کر خاصے مثبت ثابت ہوئے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ پاکستان کا بنیادی مسئلہ تحریک طالبان پاکستان اور دہشتگردی ہے جبکہ افغان حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مہاجرین کی واپسی اور تجارت کے مسائل بارے بات چیت کی جاتی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان غیر روایتی چینلز کے ذریعے سے بات چیت تو چلتی رہی لیکن اب اِن معاملات کو طے کرنے کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی بات چیت کا آغاز ہوتا نظر آتا ہے۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کل ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کابل کا دورہ کریں گے۔ اِس دورے کے لیے اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز ہی ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا جس میں بات چیت کے حوالے سے اُمور زیرِ غور آئے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان افغانستان کے لیے اپنی خدمات بیان کرنے میں کمزور ہے، فخر کاکاخیل
اِس سے قبل جمعہ کے روز افغان عبوری حکومت کے وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر مملکت برائے داخلہ امور طلال چوہدری اور سیکریٹری داخلہ محمد خرم آغا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت، راہداری اور افغان مہاجرین کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ افغان وزیر نورالدین عزیزی نے کہاکہ افغان حکومت مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتی ہے۔ ملاقات میں اتفاق ہوا کہ دونوں ملکوں کے بیچ اعلیٰ سطحی بات چیت کے دوران مہاجرین کی باعزت واپسی کے حوالے سے تفصیلاً گفتگو ہوگی۔
گزشتہ روز پشاور میں افغانستان کے قونصل جنرل محب اللہ نے شاکر نے کہاکہ سچ کہا جائے تو اب فضا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے وطن واپس لوٹ جائیں، افغان قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں آزادانہ زندگی گزاری، ہمیں کسی قسم کی شکایت نہیں ہے۔ اس سے قبل اگر دیکھا جائے تو افغان طالبان حکومت پاکستان کے بارے میں ہمشہ درشت لہجے میں بات کرتی نظر آتی ہے۔
پاک افغان مسائل طے ہونے کی راہ پر چل پڑے ہیں: سفارتکار نجم الثاقبسابق سفارتکار نجم الثاقب نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے معاملات طے ہونے والے راستے پر چل پڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں، یہ مثبت پیش رفت ہے اور خاص طور پر تجارت سے دونوں مُلکوں کا فائدہ ہے۔ اِس لیے ہمیں افغانستان کے ساتھ تجارت کی بحالی اور تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے حوالے بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔
نجم الثاقب نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ ہمارا بنیادی مسئلہ خوارج اور تحریک طالبان پاکستان ہے، جبکہ افغان طالبان حکومت کا خیال ہے کہ جن افغان مہاجرین کو پاکستان سے واپس بھیجا جا رہا ہے ان کی واپسی باعزت ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بات یہ ہے کہ ابھی تک پوری دنیا نے افغان طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا اور ایسے ہی ہم نے بھی نہیں کیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق وہ اب بھی ایک دہشتگرد گروہ ہیں، لیکن اِس سب کے درمیان ایک بڑی پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ روس نے 20 سال بعد کہا ہے کہ طالبان دہشتگرد نہیں، اِس کی بنیادی وجہ روس کے اپنے مسائل خاص طور پر دہشتگردی سے متعلق مسائل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دنیا طالبان حکومت کو جن وجوہات کی بنا پر تسلیم نہیں کرتی اُن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا شامل ہے، لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ مُلک ہے اور یہ بھارت کی طرح کا ہمسایہ مُلک نہیں کہ ہم کہیں کہ معاملات جب تک 5 اگست 2019 کی سطح پر واپس نہیں جاتے تو کوئی تجارت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ تجارت کی بات ضرور کرنی چاہیے اور تجارت کو سیاست اور سفارت سے دور رکھنےکی ضرورت ہے۔ حال ہی میں افغانستان نے ترکیہ، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ کان کنی کے شعبوں میں اربوں ڈالر کے معاہدے کیے ہیں، ہمیں بھی مزید وقت ضائع کیے بغیر ایسے معاہدے کرنے چاہییں۔
افغانستان کے لیے سب سے اہم مسئلہ مہاجرین کی واپسی کا ہے، بریگیڈیئر اسحاق خٹکپاکستان کے افغانستان میں سابق سفیر بریگیڈیئر اسحاق خٹک نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغان طالبان حکومت کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ افغان مہاجرین کی واپسی ہے، اور اِسی وجہ سے اُن کے لہجے میں تبدیلی بھی آئی ہے اور مذاکرات کی طرف پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بات چیت تو پہلے بھی ہوتی رہتی تھی، صادق خان وہاں آتے جاتے تھے، وہ لوگ بھی آتے تھے لیکن اعلیٰ سطحی وفود کی سطح پر بات چیت پہلی بار ہونے جا رہی ہے لیکن اِس بات چیت سے قبل ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ آیا یہ بات چیت کامیاب ہوگی یا ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ امید افزا بات یہ ہے کہ بات چیت اور مذاکرات کا تسلسل بڑھ گیا ہے، جس سے نظر آتا ہے معاملات بہتری کی طرف گامزن ہیں، ہمارا بنیادی مسئلہ تحریک طالبان پاکستان ہے جس کے حل کے لیے اُنہوں نے پہلے بھی وقت مانگا تھا، اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا اسحاق ڈار کے دورے سے افغان مہاجرین کی واپسی کی تاریخ میں توسیع ہوتی ہے یا افغان طالبان ٹی ٹی پی کے بارے میں کیا بات چیت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں نے پاکستان کو دہشتگردی کا شکار بنا دیا، طارق فاطمی
بریگیڈیئر اسحاق خٹک نے کہاکہ بات چیت میں تعطل کا ایک فیکٹر تجارت بھی ہوتی ہے اور تجارت میں سہولت کے لیے تاجروں کا پریشر کسی حد تک قابلِ عمل ہو سکتا ہے لیکن یہ زیادہ بڑا فیکٹر نہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اسحاق ڈار اعلیٰ سطح وفود افغانستان پاک افغان تعلقات پاکستان تجارت کابل دورہ وزیر خارجہ وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار اعلی سطح وفود افغانستان پاک افغان تعلقات پاکستان کابل دورہ وی نیوز افغان طالبان حکومت افغانستان کے ساتھ مہاجرین کی واپسی انہوں نے کہاکہ افغان مہاجرین کہاکہ افغان پاکستان کے اور تجارت اسحاق ڈار کے درمیان کہ افغان کے لیے ا بات چیت لیکن ا ہے اور
پڑھیں:
افغانستان سے کینیڈا اسمگلنگ کی کوشش ناکام، کشمش کے ڈبوں میں چھپائی گئی 2600 کلو افیون برآمد
اے این ایف نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کراچی بندرگاہ پر انسداد منشیات کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت بھیجے جانے والے خشک میوہ جات پر مشتمل کنٹینر سے بھاری مقدار میں افیون برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق خشک میوہ جات (کشمش) کی آڑ میں مہارت سے چھپائی گئی 2600 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔
اے این ایف کے پورٹ کنٹرول یونٹ نے پروفائلنگ اور خفیہ اطلاع پر افغان ریڈ اور بلیک ریزن کے کنسائمنٹ کو بدالدین یارڈ کراچی میں روک لیا۔ یہ سامان کابل سے قندھار میں افغان کسٹمز حکام نے کلیئر کیا اور پھر چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان سے کینیڈا بھیجا جانا تھا۔
اے این ایف پی سی یو ٹیم نے 19 اپریل کو ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل (SAPT) پر سامان کی مکمل تلاشی لی، جس کے دوران 2600 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔
منشیات کو انتہائی مہارت سے کشمش میں اس طرح ملایا گیا تھا کہ ان کا رنگ اور شکل ایک جیسی تھی، جس سے شناخت کرنا تقریباً ناممکن تھی۔
مجموعی طور پر 1816 کارٹن میں سے 260 کارٹن میں سے افیون برآمد ہوئی۔ ہر کارٹن میں تقریباً 10 کلوگرام افیون، کشمش کے ساتھ انتہائی مہارت سے ملی ہوئی تھی۔
اے این ایف ٹیم نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور انتہائی مہارت سے ان تمام کارٹن کی تلاشی لی۔
یہ شپمنٹ سلطان محمد سلطانی ولد نور محمد، سکنہ قندھار، افغانستان کی جانب سے محمد کمپنی امپورٹ ایکسپورٹ، کینیڈا کے لیے بک کروائی گئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق سامان کا اصل مالک قندھار کا رہنے والا افغان شہری ہے، جس کی شناخت افغان حکومت کے ساتھ وزارت خارجہ (MoFA) کے ذریعے واضح کر دی گئی ہے تاکہ مجرم کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔
یہ کامیاب کاروائی اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جدید اسمگلنگ کے حربوں کا مؤثر انداز میں سدباب کرنے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔