کراچی میں ٹینکر اور ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو کچل دیا
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہری قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ملازم ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے باعث موٹرسائیکل سوار معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات تھم نہ سکے، شہر کے 2 مختلف علاقوں میں ہیوی گاڑیوں نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ملازم سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، حادثات کے بعد دونوں ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کےقریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق، جبکہ دوسرا نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ مزمل اور زخمی کی شناخت 20 سالہ فیضان کے نام سے کی گئی۔ حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر سے فرار ہوگیا۔ ٹریفک پولیس نے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لینے کے بعد تھانے منتقل کر دیا۔
دوسری جانب بلدیہ رئیس گوٹھ کے قریب پتھروں سے لدے تیز رفتارٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، جنہیں فوری طورپرایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت اشفاق علی اور زخمی کی شناخت 34 سالہ سہیل کے نام سے کی گئی۔ جاں بحق اور زخمی افراد نیول کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہری قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ملازم ہیں۔ حادثے کے بعد ٹریفک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لیکر اس کے ڈرائیورکی تلاش شروع کر دی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جاں بحق اور کو کچل دیا اور زخمی کی شناخت کے بعد
پڑھیں:
نوشکی، پیٹرول ٹینکر میں دھماکے سے ایک شخص کی موت، 40 سے زائد زخمی
پولیس کے مطابق ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد ڈرائیور اسے آبادی سے دور لے جا رہا تھا، اس دوران دھماکہ ہوا، جبکہ لوگوں کے رش کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل کے ٹینکر کو آگ لگنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی، جبکہ پولیس افسران سمیت 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پیٹرول ترسیل کرنے والی ٹینکر کو بازار کے ایک گیراج میں ٹھیک کرنے لیا گیا تھا، تاہم نا معلوم وجہ سے گاڑی پر آگ لگ گئی۔ ڈرائیور نے گاڑی کو آبادی سے دور میدان میں منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم لوگ گاڑی کے قریب دیکھنے کے غرض سے جمع ہوگئے۔ اس دوران گاڑی کی پیٹرول کی ٹینکی پھٹ گئی اور رش کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد موقع پر ہی جھلس کر ڈرائیور کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے متعدد افراد کی تشویشناک ہے۔ جنہیں فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں میں ڈی ایس پی، اے ایس آئی سمیت چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں، جو آگ کے باعث جھلس گئے ہیں۔