پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، امیر مقام
اشاعت کی تاریخ: 30th, April 2025 GMT
مظفر آباد میں یکجہتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت و بلتستان انجینئر امیر مقام نے بھارت کی جانب سے پہلگام کے خود ساختہ واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے دورے کا مقصد یہاں کہ عوام کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مظفر آباد میں یکجہتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف اور پوری پاکستانی قوم قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر کے بھائیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں کہ بھارت کے 77 سالوں سے مظالم کے باوجود ان کا آزادی کا جذبہ کم نہیں ہوا۔ بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے باوجود کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکا۔ پہلگام کا خود ساختہ واقعہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہو، ان سب کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان ہے، کلبھوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے۔ اپنے آپ کو نام نہاد جمہوریت کہنے والا بھارت کا چخود ساختہ واقعہ کے پانچ منٹ بعد بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
انھوں نے کہا بھارت اوچھے ہتھکنڈوں اور آبی جارحیت سے ہمیں مرعوب نہیں کر سکتا۔ آج ہندوستان کے ان غیر قانونی اقدامات کے خلاف پوری قوم یکجا ہے۔ ملکی سلامتی اور کشمیر کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ قائد پاکستان نواز شریف نے جس طرح ملک کو ایٹمی طاقت بنایا انشاءاللہ اسی طرح آج بھی مسلم لیگ نواز کی اتحادی حکومت مودی کو شکست دے گی۔ مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان نے کشمیر کا ساتھ دیا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ وزیر امور کشمیرنے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی، سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر راجہ مشتاق منہاس، مسلم لیگ آزاد کشمیر کے قائدین، کارکنان، خواتین عہدیداران کا یکجہتی کشمیر کے کامیاب جلسے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پوری قوم کشمیر کے مسلم لیگ کے ساتھ
پڑھیں:
محمود ساغر کا او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نام خط
خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور کشمیری مسلمانوں کی نسلی کشی کے اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کی توجہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش شدید مشکلات اور پریشان کن حالات کی طرف مبذول کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے وائس چیئرمین محمود احمد ساغر کی طرف سے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے دنیا بھر میں ایک خطرناک پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے، جس میں کشمیری مسلمانوں کو "دہشت گرد” کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کشمیری عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی پرامن جدوجہد کو بدنام کیا جا سکے۔ کشمیریوں کو ان کے اس بنیادی حق کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں دے رکھی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے، کشمیریوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور کشمیری مسلمانوں کی نسلی کشی کے اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے خلاف تیزی سے بڑھتی ہوئی زہر افشانی بھارت بھر میں کشمیریو ں پر وحشیانہ تشدد اور امتیازی سلوک کا باعث بن رہا ہے۔ بدقسمتی سے بھارتی میڈیا جو جنگی جنون پھیلانے میں مصروف ہے، مقبوضہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور کشمیریوں کی دیرینہ مہمان نوازی کو نظرانداز کر رہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وادی کشمیر میں کشمیری عوام بھارت کی دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے ریاستی جبر کے دوران بھارتی فورسز بڑے پیمانے پر کریک ڈان شروع کر رکھا ہے، جس میں سینکڑوں سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وادی کشمیر میں قومی سلامتی کی آڑ میں کشمیریوں کے درجنوں مکانوں کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ محمود ساغر نے خط میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو بتایا کہ بھارت کا جانبدار میڈیا خطے میں جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے جس نے نہ صرف کشیدگی بڑھ رہی ہے بلکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کو جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر فوری طور پر پاک بھارت کشیدگی کو دور نہ کیا گیا تو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعطل ایک بڑے علاقائی تنازعہ کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقوں کے لیے یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر دوطرفہ کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے، جو گزشتہ ستر سال سے حل طلب ہے۔