پنجاب میں 8 سال بعد لیپ ٹاپ اسکیم کا دوبارہ آغاز
اشاعت کی تاریخ: 30th, April 2025 GMT
لاہور:
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں 8 سال بعد طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کردی ہے اور طلبہ کو پہلی مرتبہ 13 جنریشن کور آئی سیون دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ہونہار اسکالرشپ فیز ٹو کا بھی آغاز ہوگیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیپ ٹاپ اسکیم کے پہلے فیز کا افتتاح کر دیا اور ان کی ہدایت پر دیگر صوبوں کے 5 ہزار طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے حکام نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کا ای پورٹل اوپن کردیا گیا ہے اور پنجاب کے بعد سب سے زیادہ لیپ ٹاپ خیبرپختونخوا کے 3 ہزار 136 طلبہ کو ملیں گے۔
اسی طرح بلوچستان کے 938، آزاد جموں و کشمیر کے 517 اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 410 طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ ملیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور کی تاریخی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرکے مہم کا آغاز کردیا، اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز صدارتی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں۔
مزید بتایا گیا کہ ہونہار اسکالر شپ فیز ٹو کے تحت دو سے پانچ سال اور تیسرے سے آٹھویں سمیسٹر کے طلبہ کے لیے 20ہزار روپے اسکالر شپ ملے گی، لاہور ڈویژن کے 27 سرکاری کالجز، 6 میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں کے 3 ہزار 121 طلبہ کے لیے 12کروڑ روپے سے زائد کی اسکالر شپ ملے گی۔
اسکیم کے تحت لاہور ڈویژن کے 14 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے، 13سرکاری یونیورسٹیاں، 6 میڈیکل کالجز اور27 اعلیٰ تعلیمی اداروں کو لیپ ٹاپ دیے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر خصوصی تقریب میں طلبہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں ہائر ایجوکیشن کی طرف سے لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالر شپ پرخصوصی ڈاکو مینٹری پیش کی گئی اور یو ای ٹی کے طلبہ نے پر اثر ملی نغمے پیش کیے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب پاکستان کے نوجوان کہہ رہے ہیں کہ "قدم قدم آباد رہے" تو ان شااللہ یہ دھرتی تا ابد آباد رہے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: لیپ ٹاپ اسکیم مریم نواز نے طلبہ کے لیے اسکالر شپ طلبہ کو
پڑھیں:
ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی طرف قدم، مریم نواز کا وزیرآباد میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح
وزیرآباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیرآباد کے لئے الیکٹرک بس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف گکھڑ منڈی بس سٹاپ سے ای بس پر سوار ہوئیں، مریم نواز شریف نے بس سٹاپ سے ای بس پر سفر کیا۔مریم نواز شریف کا خیر مقدم کرنے کے لئے الیکٹرک بس کے روٹ پر عوام کا بہت بڑا ہجوم تھا. الیکٹرک بس کے تمام راستے میں عوام پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی تصاویر لے کر راستے میں کھڑے تھے. مریم نواز شریف نے الیکٹرک بس کا باقاعدہ افتتاح کیا. وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیر آباد الیکٹرک بس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرآباد میں 15 ماحول دوست الیکٹرک بسیں شہر کے مختلف مضافاتی روٹس پر چلائی جائیں گی. الیکٹرک بس میں مسافروں کے کے لئے وائی فائی اور ہر سیٹ پر موبائل چارجنگ پورٹ بھی میسر ہے۔ماحول دوست الیکٹرک بسیں مکمل طور پر ایئر کنڈیشنز اور آرام دہ ہیں.الیکٹرک بس میں خواتین کے تحفظ اور سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے الگ کمپارٹمنٹ مختص کئے گئے ہیں۔خواتین کو ہراساں کرنے واقعات کے سدباب کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی الیکٹرک بس میں نصب ہیں۔الیکٹرک بسیں وزیرآباد تا علی پور چٹھہ اور وزیرآباد تا شیخوپورموڑ کے روٹس پر چلائی جائیں گی.وزیرآباد میں الیکٹرک بسوں کے لئے تین خصوصی چارجنگ سٹیشن بھی قائم کئے گئے ہیں۔