راولپنڈی سے گلگت جانے والی گاڑی کوہستان میں حادثے کا شکار، ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان میں گاڑی کے حادثے میں خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ شاہراہ قراقرام پر کوہستان کے علاقے مٹہ بانڈہ میں پیش آیا جہاں راولپنڈی سے گلگت جانے والی ایک مسافر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن کا تعلق راولپنڈی سے بتایا جا رہا ہے
ریسکیو ادارے کے مطابق یہ دلخراش واقعہ کوہستان کے علاقے مٹہ بانڈہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب گاڑی قراقرم ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔ گاڑی میں موجود تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر مشکل اور پرخطر علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں کو کھائی سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں مقامی افراد بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
حادثہ لوئر کوہستان.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: لوئر کوہستان
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔