روندو، پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد، عوام کی بھرپور شرکت
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
شرکاء نے قومی پرچم تھامے، نعرۂ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، اور ملک کی حفاظت کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ایک پُرامن اور مہذب ماحول میں اپنے قومی جذبات کا اظہار کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ غازیان روندو، روندو یونائٹڈ موومنٹ، آئی ایس او اور روندو یوتھ کے زیرِ اہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق روندو یونائٹڈ موومنٹ، آئی ایس او اور روندو یوتھ کی قیادت میں، اور روندو ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے آج ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کا مقصد افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور قومی وحدت کا مظاہرہ تھا۔ ریلی کا آغاز روندو مین بازار (ڈمبوداس) سے ہوا اور یہ مکمل طور پر منظم اور حب الوطنی سے بھرپور رہی۔ ریلی میں معززین، علمائے کرام، نوجوانوں، بزرگوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم تھامے، نعرۂ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، اور ملک کی حفاظت کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ایک پُرامن اور مہذب ماحول میں اپنے قومی جذبات کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے اپنے جوشیلے خطابات میں پاکستان کی سالمیت، قومی وحدت، اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ بھارت کو خبردار کیا گیا کہ بلتستان کا ہر فرد وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے، اور کسی بھی جارحیت کا متحد ہو کر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
سردار عتیق احمد خان کی آل پارٹیز اجلاس میں شرکت اور خطاب
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام کا نعرہ ہمیشہ سے ''پاکستان زندہ باد'' رہا ہے اور یہ کنونشن دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور کشمیر کے ناقابلِ تسخیر رشتے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔ اسلام ٹائمز۔ باغ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان باغ میں 22 ستمبر پاکستان زندہ باد کنونشن کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ آل پارٹیز مشاورتی اجلاس میں وزیر حکومت سردار میر اکبر خان، سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ، میجر سردار نصراللہ خان، چیئرمین میونسپل کارپوریشن باغ میجر قیوم، سردار مشتاق نیئر، مسلم لیگ نواز کے رہنما راجہ سعید انقلابی، سردار پرویز چغتائی، خالد امیر گردیزی ایڈووکیٹ، راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ، خالد اکبر عباسی ایڈووکیٹ، ظفر اقبال عباسی، سردار شجاع منگول، راجہ حامد منظور ایڈووکیٹ، راجہ سردار رشید طاہری، راجہ تبارک علی خان سمیت دیگر سیاسی اور سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 ستمبر کو باغ میں ہونے والا پاکستان زندہ باد کنونشن کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت اور وابستگی کا عظیم الشان مظاہرہ ہو گا۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام کا نعرہ ہمیشہ سے ''پاکستان زندہ باد'' رہا ہے اور یہ کنونشن دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور کشمیر کے ناقابلِ تسخیر رشتے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن نہ صرف تحریکِ آزادی کشمیر کی تقویت کا ذریعہ ہو گا بلکہ نوجوان نسل کو بھی پاکستان سے اپنی محبت اور عزم کے اعادہ کا موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے تمام کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 22 ستمبر کو پاکستان زندہ باد کنونشن میں بھرپور شرکت کر کے اسے ایک تاریخی عوامی اجتماع بنائیں۔پاکستان زندہ باد کنونش کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو شرکاء کی رہنمائی اور کنونشن کے نظم و ضبط کو یقینی بنائیں گی۔ اس موقع پر راستوں اور مقام کو پاکستان کے پرچموں اور بینرز سے سجایا جا رہا ہے، جبکہ شرکاء جوش و خروش کے ساتھ تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔
پاکستان زندہ باد کنونشن کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار، کشمیر بنے گا پاکستان کے عزم کو دہرانا اور پاکستان کے ساتھ محبت و وابستگی کو اجاگر کرنا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ یہ کنونشن اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ دلی وابستگی اور غیر متزلزل تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کارکنان اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ کنونشن دشمنانِ کشمیر کے خلاف ایک عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ کنونشن میں شریک رہنما اور مقررین پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد اور کشمیر کاز کو اجاگر کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے اور معرکہ حق کو بھی خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی سٹریٹجیک معاہدہ انتہائی خوش آئند ہے، پاکستان دنیا میں نہ صرف دفاعی اعتبار سے بلکہ سفارتی اعتبار سے بھی ابھر کر آیا ہے، پاکستان کے دفاعی معاہدوں کا دائرہ کار مزید بڑھے گا، پاکستان اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔