مودی کا جنگی جنون خطہ کے 2 ارب عوام کیلیے تباہی کا باعث بن رہا ہے، سردار عتیق
اشاعت کی تاریخ: 10th, May 2025 GMT
اپنے ایک بیان میں مسلم کانفرنس کے رہنما کا کہنا ہےکہ پاکستان اور پوری کشمیری عوام دفاعِ وطن اور محاذِ جنگ پر دلیری سے ڈٹے افواجِ پاکستان کے جوانوں کے پشت بان اور یک جان و یک آواز ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے باعث شہید اور زخمیوں ہونے والوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ پاک فوج نے بھرپور حکمت عملی اور بہادری کے ساتھ بھارتی حملے کے خلاف ملکی سلامتی کا دفاع کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مسلم کانفرنسی کارکنان پاک فوج کہ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر بنائی گئی قومی رضاکار تحریک میں تمام مکاتب فکر اس میں شامل ہو کر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا جنگی جنون خطہ کے 2 ارب عوام کے لیے تباہی کا باعث بن رہا ہے۔ پاکستان اور پوری کشمیری عوام دفاعِ وطن اور محاذِ جنگ پر دلیری سے ڈٹے افواجِ پاکستان کے جوانوں کے پشت بان اور یک جان و یک آواز ہیں۔ عوام کو پُختہ یقین ہے کہ افواجِ پاکستان مملکتِ خداداد کے دفاع میں کامیاب ہوں گی اور بھارتی جارحیت کا بہترین حکمتِ عملی سے جواب دیں گی۔ پاکستان اللہ رب العزت کے ساتھ کلمہ طیبہ کے نظام کے قیام کے عہد کیساتھ آزاد وطن بنا۔ 1965ء کے عظیم متحد جذبوں کو ایک بار پھر زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور کشمیری قوم میں اب بھی وہ جذبہ موجود ہے۔ حکومت نے تمام اختیارات فوجی قیادت کے سپرد کر دیے، فوجی قیادت مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ ملک کے دفاع کا فریضہ ادا کر رہی ہے۔ یہ امر سب پر عیاں ہے کہ بھارت جھوٹا، مکار، سفاک اور انسانیت دشمن ہے اور اس کا جھوٹا پروپیگنڈہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔
بھارت کا پاکستان پر حملہ نہ صرف بزدلانہ اقدام ہے بلکہ پاکستان کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے عالمی برادری بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے بالخصوص جب امریکی صدر ٹرمپ بھارت کی محدود سرجیکل اسٹرائیک کی حمایت کرتے ہوئے جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائیوں پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ پاکستانی قوم ہر موقع پر اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی اور بھارتی جارحیت کا پاکستان کی افواج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بھارتی جارحیت کا کہ پاکستان کرتے ہوئے کے ساتھ کہ پاک
پڑھیں:
پاکستان اور ترک بحریہ کی سپیشل فورسز کے مابین پہلی جنگی مشق کا انعقاد
پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی سپیشل فورسز کے مابین پہلی دوطرفہ مشق کا اختتام مخصوص ساحلی علاقے میں ایک جامع ڈرل پر ہوا جس میں خشکی اور سمندر دونوں میں خطرات سے نبرد آزما ہونے کی مشق کی گئی اور دونوں بحری افواج کی عملی تیاری اور حربی صلاحیتوں کی جانچ کی گئی۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی سپیشل فورسز کے مابین پہلی دو طرفہ مشق کا کراچی میں کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق میں مختلف تربیتی سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں مختلف ہتھیاروں کی فائرنگ، سمندر اور خشکی میں مختلف آپریشنز کے مظاہرے اور شہری علاقوں میں فوجی کارروائیاں شامل تھیں۔ مشق کے دوران لائیو فائرنگ اور جنگی منظر ناموں پر مشتمل آپریشنز کے مظاہرے بھی شامل کیے گئے، جن کا مقصد ساحلی علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کی تیاری اور حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ مشق کا اختتام مخصوص ساحلی علاقے میں ایک جامع ڈرل پر ہوا جس میں خشکی اور سمندر دونوں میں خطرات سے نبرد آزما ہونے کی مشق کی گئی اور دونوں بحری افواج کی عملی تیاری اور حربی صلاحیتوں کی جانچ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق اس دوطرفہ مشق کا انعقاد پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے اور مضبوط دفاعی تعلقات کا مظہر ہے، جو مشترکہ اقدامات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔