متحدہ عرب امارات میں راستہ نہ دینے پر کار سوار کی دوسری کار پر فائرنگ؛ 3 خواتین ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 12th, May 2025 GMT
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے دارالحکومت میں معمولی بات پر ایک کار سوار نے سامنے سے آنے والی دوسری کار پر فائرنگ کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب آمنے سامنے سے آنی والی کاریں ایک چھوٹی گلی میں پھنس گئے۔
ایک کار میں 3 خواتین سوار تھیں جب کہ دوسری گاڑی ایک مرد چلا رہا تھا۔ دونوں کے درمیان راستہ دینے پر بحث اور پھر تلخ کلامی ہوئی۔
جس پر مرد کار سوار نے اسلحہ نکال کر دوسری کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ کار میں سوار تینوں خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔
فائرنگ کی آواز سنتے ہی گشت پر مامور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملزم کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔
پولیس اہلکاروں نے تینوں زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تینوں خواتین نے دم توڑ دیا۔
کیس کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ روزمرہ کے معمولی تنازعات پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔
بیان میں تنبیہ کی گئی ہے کہ معاشرے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: شاہ لطیف میں ذاتی تنازع پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق پانچ زخمی
کراچی:شاہ لطیف ٹاؤن پورٹ قاسم چورنگی کے قریب ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ اورڈنڈوں کے وار سے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے رزاق آباد پورٹ قاسم چورنگی کے قریب ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ اور ڈنڈوں کے وار سے دو افراد موقع پر جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع پر ٹریفک پولیس فوری موقع پر پہنچی اور ٹریفک پولیس نے موقع پر سے فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ متعلقہ پولیس بھی موقع پر پہنچی اورفائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری چھیپا اور ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال میں شدید زخمی ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ایک شدید زخمی کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
جھگڑے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق افراد کی شناخت 25 سال عثمان ولد منصف، 25 سالہ توقیر ولد محمد صدیق اور 35 سالہ توصیف ولد محمد بشیر کے ناموں سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 45 سالہ منصف ولد عبد اللطیف، 28 سالہ نعمان ولد بشیر، 40 سالہ محمد رفیق ولد محمد رشید اور52 سالہ سعید الرحمان ولد فضل الرحمان سمیت دیگر شامل ہیں۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امین کھوسہ کے مطابق کے مطابق فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے اور 2 سے 3 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، جھگڑے کے دوران جاں بحق اور زخمی آپس میں رشتہ دار اور ایک ہی خاندان، دھنی پرتو اور لالہ آباد شیرپاؤ کالونی کے رہائشی ہیں اوردھرتی پر تو سے لڑتے ہوئے پورٹ قاسم پر آپس میں لڑائی جھگڑا کرتے ہوئے آئے اور پورٹ قاسم چورنگی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے فوری بعد ٹریفک پولیس بھی موقع پر موجود تھی جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو حراست میں لے کر شاہ لطیف پولیس کے حوالے کیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت رفیق کے نام سے کی گئی اور اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔