پاک بھارت جنگ بندی؛ پیپلز پارٹی کا جمعرات کو اظہار تشکر ریلیاں نکالنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
کراچی:
پیپلز پارٹی سندھ نے پاک بھارت جنگ بندی پر 15 مئی جمعرات کو سندھ بھر میں اظھار تشکر ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اپنے پالیسی بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی پر 15 مئی جمعرات کو شام 5 بجے سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں اظہار تشکر ریلیاں نکالی جائیں گی۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ بندی کرانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی ختم کرواکر جنگ بندی سے متعلق اپنی انتخابی مہم کے نعرے پر عمل کرکے دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور جرات کا مظاہرہ کرنے پر فضائیہ، بحری اور پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ پاک بھارت سیز فائر کے بعد سندھ طاس معاہدے کے تنازع کو بھی حل ہونا چاہئے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی فورمز پر پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اور امن پسندی کی سوچ کے متعلق آواز اٹھا کر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی پاک بھارت کہا کہ
پڑھیں:
سندھ حکومت کا آبادی کو کنٹرول کرنے کیلیے مردوں کو نس بندی کی سہولت دینے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے آبادی کو کنٹرول کرنے کیلیے نس بندی کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں ہر سال آبادی ایک ضلع کی آبادی جتنی بڑھ رہی ہے۔ جس کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت مردوں میں نس بندی (ایسا مستقل آپریشن جس کے بعد بچے پیدا نہیں ہوتے) اور خواتین میں بچوں کی پیدائش میں تین ماہ کا وقفہ دینے کے لیئے خود لگانے والے انجیکشن سایانا پریس کو عام کر رہی ہے۔
محکمہ بہبود آبادی سندھ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ساتھ مل کر صوبے کی 1,600 یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر سروے کی تیاریاں کررہا ہے۔ سکریٹری بہبود آبادی سندھ حفیظ اللہ عباسی نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ محکمہ ساحلی علاقوں اور جزیروں میں حمل سے بچاؤ کی سہولیات (جیسے نس بندی، انجیکشن، گولیاں، پیدائش میں وقفہ دینے والے آلات) فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں میں تقریباً 50 لاکھ مزدوروں کے لیے آگاہی سیشن ہوں گے جبکہ اسکول و یونیورسٹی کے طلبہ کو آبادی کے بڑھنے کے منفی اثرات بتائے جائیں گے۔ مرد چونکہ گھروں میں بڑے فیصلے کرتے ہیں، اس لیے انہیں بھی ان پروگرامز میں شامل کرنا ضروری ہے۔
محکمے کے تحت اب تک صوبے میں 3,000 مردوں کی نس بندی ہو چکی ہے۔ کئی مردوں نے یہ آپریشن اس لیے کروایا کیونکہ ان کے بچوں میں خون کی بیماری تھیلیسیمیا تھا یا ان کو ایچ آئی وی/ایڈز تھا۔
ڈائریکٹر ایڈمن فیصل مہر نے بتایا کہ بڑے اسپتالوں، محکمہ صحت اور این جی اوز کو مانع حمل کا سامان (جیسے نس بندی کے آلات، آئی یو سی ڈی، انجیکشن، امپلانٹس اور گولیاں) فراہم کیا جاتا ہے تاکہ آبادی کی رفتار کم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی آبادی اس وقت 5 کروڑ 50 لاکھ ہے، اور ہر سال تقریباً 14 لاکھ کا اضافہ ہوتا ہے۔ 2017-18 میں صوبے کی مانع حمل شرح 31 فیصد تھی، جسے 2025 تک 47 فیصد اور 2030 تک 57 فیصد کرنے کا ہدف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے بڑے اسپتالوں میں فیملی پلاننگ کے سینٹرز ہیں جہاں آبادی جاکر مانع حمل کے لیے ادویات ،انجیکشن سمیت دیگر سامان ڈاکٹر دیتے ہیں جبکہ کراچی اور اندرون سندھ کے دیہی علاقوں میں آگاہی سیشنز ہوتے ہیں جس کے بعد شرکا کو مانع حمل کے لیئے سامان بھی دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے 9 بڑے اسپتالوں میں 20 گائنی وارڈز میں خواتین کو آئی یو سی ڈی (رحم میں لگایا جانے والا چھوٹا سا آلہ جو 10 سال تک حمل روکتا ہے) اور امپلانٹس (بازو میں لگنے والی اسٹک جو 3 سے 5 سال تک حمل روکتی ہے) فراہم کیے جا رہے ہیں۔
مردوں میں نس بندی کو عام کرنے کے لیےہینڈز کے ایک ہزار سے زائد میل موبلائزرز کو ٹریننگ دے رہے ہیں،کراچی میں ویزیکٹومی (نس بندی) کیسز 23 سے بڑھ کر 2022 میں 2,500 ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے سایانا پریس جیسا آسان انجیکشن بھی موجود ہے، جو وہ خود لگا سکتی ہیں۔ 2018 سے اب تک 13 لاکھ انجیکشن استعمال ہو چکے ہیں۔
اندرون سندھ کم عمری کی شادیوں کے باعث بچے پیدا کرنے میں وقفہ نہیں رکھا جاتا، جس سے ایک عورت کے 30 سال کی عمر تک 6 سے 8 بچے ہو جاتے ہیں۔محکمہ جان ہاپکنز اور زیبسٹ یونیورسٹی کے ذریعے گھر گھر سروے کرے گا، جو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی مدد سے مکمل ہوگا اور فیملی پلاننگ 2030 کے اہداف حاصل کرنے میں مدد دے گا۔