4اکتوبر لاہور،5کو کراچی میں غزہ ملین مارچ ہوں گے،حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 27th, September 2025 GMT
7اکتوبر کوسڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا
اسٹیبلشمنٹ کی من پسند جماعتیں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نورا کشتی میں مصروف ہیں،پریس کانفرنس
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے جمعہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قومی و بین الاقوامی صورتحال میں امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی، فلسطینیوں کی نسل کشی اور مسئلہ فلسطین سب سے بڑا مسئلہ ہے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اور عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔ 4اکتوبر کو لاہور اور 5اکتوبر کو کراچی میں عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ“ منعقد کیے جائیں گے، 7اکتوبر کو عالمی احتجاج کے دن ملک بھر میں سڑکوں پر نکل کر ایک گھنٹے تک اسرائیل کے خلاف احتجاج اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا، پاکستان کا موقف صرف اور صرف آزاد فلسطینی ریاست ہونا چاہیٔے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ان دنوں اسٹیبلشمنٹ کی من پسند جماعتیں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نورا کشتی میں مصروف ہیں، ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے والی یہ ہی حکومتی پارٹیاں ہیں، اپنے سیاسی مفادات کی خاطر نورا کشی کر کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی وڈیرہ شاہی اورجاگیردارنہ ذہنیت کی پارٹی ہے اور جمہوریت کا صرف لبادہ اوڑھا ہوا ہے، پیپلز پارٹی نے کراچی کو صرف دودھ دینے والی گائے سمجھ لیا ہے، یہ کراچی سے صرف وصول کرنا جانتی ہے کچھ دینے پر تیار نہیں۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی
پڑھیں:
ایران، ترکی کو بھی دفاعی معاہدے میں شامل کیا جائے: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ بار بار جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کر کے امن پسند عالمی برادری کی تضحیک اور اسرائیل کو غزہ میں قتل عام جاری رکھنے کا موقع دے رہا ہے۔ امریکہ اسرائیل کی پشت پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قومی و بین الاقوامی معاملات اور صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ملک بھر سے ارکان شوریٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان سعودی معاہدہ مسلم ممالک میں اتحاد کی طرف بڑھنے کی جانب ایک قدم ہے۔ دیگر اسلامی ممالک باالخصوص ایران اور ترکی کو بھی اس معاہدے میں شامل کیا جائے۔ وادی تیراہ جیسے واقعات سے غیر یقینی کی کیفیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ بے گناہ عورتوں اور بچوں کے مارے جانے سے عوام کے اندر غصہ اور نفرت بڑھ رہی ہے۔ ایسے واقعات سے اداروں پر عدم اعتماد بڑھے گا اور عوام سے دوریاں پیدا ہونگی۔ حافظ نعیم الرحمن نے افغانستان سے معاملات کو معمول پر لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک طالبان کا مسئلہ افغانستان کے تعاون سے حل کیا جائے۔ حکومت میں بیٹھے ہوئے مافیاز عام آدمی کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین لینا چاہتے ہیں۔ پہلے چینی اور اب آٹا بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو رہا ہے۔ پاکستان میں غربت میں اضافہ کے متعلق عالمی بنک کی حالیہ رپورٹ چشم کشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ21 تا 23 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والا اجتماع عام انشاء اللہ تبدیلی کی بنیاد بنے گا۔ غربت کے خاتمہ کے نام پر گزشتہ 17 برس سے جاری بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غربت میں کمی واقع نہیں ہوئی۔ پیپلز پارٹی اور دیگر حکومتی جماعتیں شور نہ مچائیں، سچ تسلیم کریں۔’’ایکس‘‘ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے عالمی بنک کی پاکستان میں شرح غربت سے متعلق حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہزاروں ارب سالانہ کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بے ضابطگیوں اور وڈیرہ شاہی کرپشن سے بھرا ہوا ہے۔